• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 5:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 4:57pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 5:07pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 5:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 4:57pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 5:07pm

ایشیا کپ میں بھارت سے شکست، پاکستان کی فائنل تک رسائی پر سوالیہ نشان لگ گیا

شائع September 12, 2023
قومی ٹیم کی ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی بھی مشکل نظر آنے لگی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
قومی ٹیم کی ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی بھی مشکل نظر آنے لگی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے ہاتھوں ایشیا کپ کے میچ میں پاکستانی ٹیم کی بدترین شکست نے ناصرف شائقین کے دل بری طرح چکنا چور کر دیے ہیں بلکہ گرین شرٹس کی ایونٹ کے فائنل تک رسائی پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

روایتی حریفوں کے درمیان ایشیا کپ کے سپر فور راؤنڈ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 228 رنز سے شکست دی تھی۔

اس میچ میں شکست کے بعد جہاں عالمی نمبر ایک پاکستان کی ورلڈ کپ کی تیاریوں پر سوالیہ نشان لگ گیا، وہیں قومی ٹیم کی ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی بھی مشکل نظر آنے لگی ہے۔

اب پاکستان کو ایشیا کپ میں ناصرف سری لنکا کے خلاف میچ میں لازمی فتح درکار ہے بلکہ اسے آئی لینڈرز کی بھارت کے ہاتھوں شکست کی بھی دعا کرنا ہو گی۔

اگر آج بھارت کی ٹیم سری لنکا کو شکست دیتی ہے تو وہ فائنل میں جگہ بنا لے گی اور اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم کا مقابلہ فائنل میں بھارت سے ہو گا۔

ایسی صورت میں اگر قومی ٹیم اور سری لنکا کے درمیان میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو جس ٹیم کا رن ریٹ بہتر ہو گا، اس کا فائنل میں بھارت سے مقابلہ ہو گا۔

اگر سری لنکا کی ٹیم بھارت کو شکست دے دیتی ہے تو ایسی صورت میں پاکستان کی فائنل تک رسائی کے امکانات انتہائی معدوم ہو جائیں گے کیونکہ ایسی صورت میں سری لنکا اور بھارت دونوں ہی فائنل تک رسائی کے لیے فیورٹ ہوں گے۔

اگر سری لنکا کی ٹیم بھارت سے جیت بھی جاتی ہے تو بہتر رن ریٹ کی وجہ سے بھارت کی ٹیم پہلے نمبر پر رہے گی اور 100 رنز کے بڑے مارجن سے ہارنے کی صورت میں بھی ان کی پوزیشن پر کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا، جبکہ پاکستان کو بھارت سے شکست کے بعد نیٹ رن ریٹ کا خلا پر کرنے کے لیے 300 رنز کے بڑے مارجن سے فتح درکار ہے۔

بھارت کی ٹیم کے سری لنکا کے خلاف فتح کے نتیجے میں بنگلہ دیش کے بھی فائنل تک پہنچنے کا امکان پیدا ہو جائے گا لیکن اس کے لیے بنگلہ دیش کو ناصرف بھارت کو بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا بلکہ پاکستان کی سری لنکا کے خلاف شکست کی بھی دعا کرنا ہو گی۔

اگر سری لنکا کی ٹیم بھارت کو 150 رنز یا اس کے برابر مارجن سے شکست دیتی ہے تو بنگلہ دیش کو نیٹ رن ریٹ پر ان سے آگے نکلنے کے لیے بھارت کو 125 رنز سے مات دینا ہو گی۔

اگر سری لنکا اور بھارت کا میچ بارش کی نذر ہوتا ہے تو دونوں کو ایک ایک پوائنٹ مل جائے گا لیکن ایسی صورت میں پاکستان کے لیے معاملہ واضح ہو جائے گا اور وہ سری لنکا کو شکست دے کر سیدھا فائنل میں پہنچ جائے گی اور سری لنکا کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی، البتہ سری لنکا سے شکست پاکستان کو ایونٹ سے باہر کردے گی۔

پاکستان کی فتح کی صورت میں اگر بھارت کی ٹیم بنگلہ دیش سے ہار بھی جاتی ہے تو بھی پاکستان اور بھارت فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔

اگر آج ہونے والے میچ کے ساتھ ساتھ جمعرات کو ہونے والا میچ بھی بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہتا ہے تو ایسی صورت میں سری لنکا کی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی جہاں اس کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔

اگر ایشیا کپ آج ہونے والے میچ سمیت بقیہ تمام سپر فور کے میچ بارش کی نذر ہو جاتے ہیں تو فائنل بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 9 جون 2024
کارٹون : 8 جون 2024