ایشیا کپ: سپر فور کے اہم میچ میں بھارت نے سری لنکا کو 41 رنز سے شکست دے دی

12 ستمبر 2023
بھارت کے کلدیپ یادیو نے 4 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی
بھارت کے کلدیپ یادیو نے 4 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی
بھارت کے تمام بلے باز سری لنکا کے اسپنرز کا نشانہ بنے — فوٹو: اے ایف پی
بھارت کے تمام بلے باز سری لنکا کے اسپنرز کا نشانہ بنے — فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ سپر فور کے اہم میچ میں بھارت نے سری لنکا کے نوجوان اسپنر ویلالاگے کی شان دار کارکردگی کے سامنے بلے بازوں کی ناکامی کے باوجود باآسانی 41 رنز سے فتح حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت کے اوپنرز شبمن گل اور کپتان روہت شرما نے 11 اوورز میں 80 رنز کی شان دار اوپننگ کی، لیکن اس کے بعد سری لنکا کے نوجوان اوپنر ویلالاگے کی خطرناک گیندوں پر دیگر بلے باز مشکل میں دکھائی دیے۔

ویرات کوہلی 3 رنز کا اضافہ کرکے نوجوان اسپنر کی میچ میں دوسری وکٹ بنے۔

بھارت کا اسکور 91 رنز پر پہنچا تھا کہ ویلالاگے نے مسلسل تیسری نصف سنچری بنانے والے روہت شرما کی وکٹیں بھی اڑا دیں۔

روہت شرما نے اس نصف سنچری کے ساتھ ہی ون ڈے کرکٹ میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کے 10 ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

پاکستان کے خلاف میچ میں سنچری بنانے والے کے ایل راہل نے 44 گیندوں پر 39 رنز بنا کر ایشان کشن کا ساتھ دیا اور 63 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد 30ویں اوور کے اختتام پر جب اسکور 154 رنز تھا تو ویلالاگے کی گیند پر ان کو کیچ دے کر چلتے بنے۔

ایشان کشن نے ہاردک پانڈیا کے ساتھ مل کر اسکور 170 رنز تک پہنچایا لیکن دوسرے اسپنر اسالانکا نے ان کو ویلالاگے کا کیچ بنایا اور بھارت کو 35ویں اوور میں پانچواں نقصان پہنچایا۔

پانڈیا نے 18 گیندوں پر 5 رنز بنائے اور ویلالاگے کی گیند پر وکٹ کیپر مینڈس کے ہاتھوں جکڑ گئے۔

سری لنکا کے 20 سالہ اسپنر ویلالاگے نے 5 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کے 20 سالہ اسپنر ویلالاگے نے 5 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے آل راؤنڈر جڈیجا کی 4 رنز کی مختصر اننگز 39ویں اوور کی پانچویں گیند پر 178 کے مجموعے پر تھیکشانا کی گیند پر تمام ہوئی۔

جسپریت بمراہ نے 5 رنز بنائے اور 12 گیندوں کا سامنا کیا تاہم اسالانکا نے ان کو بولڈ کردیا، اس موقع پر بھارت کا اسکور 43ویں اوور میں 186 رنز تھا۔

کلدیپ یادیو اگلی ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے تو بھارت کی 9 وکٹیں 186 رنز پر گر چکی تھیں۔

اکشر پٹیل نے محمد سراج کے 5 رنز کی مدد سے 36 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بنا کر بھارت کا اسکور 213 رنز تک پہنچایا اور اننگز کے آخری اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

یوں بھارت کی پوری ٹیم 49ویں اوور کی پہلی گیند پر 213 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے بھارت کی تمام وکٹیں اسپنرز نے حاصل کی اور یہ پہلا موقع تھا جب بھارت کی پوری ٹیم اسپنرز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

ایشیا کپ میں بھارت کی ٹیم اپنے پہلے میچ میں پاکستان کے فاسٹ باؤلرز کا نشانہ بنی تھی جہاں شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے تمام وکٹیں حاصل کی تھیں۔

سپرفور کے اہم میچ میں بھارت کے خلاف سری لنکا کے نوجوان اسپنر ویلالاگے نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں اور اپنے 10 اوور کے کوٹے میں 40 رنز دیے۔

سری لنکا کی جانب سے چیریتھ اسالانکا نے 4 اور تھیکشانا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کے بلے بازوں نے اسپنرز کے برعکس بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مایوس کن آغاز کرتے ہوئے 7 رنز پر پہلی وکٹ گنوائیں، جب پاتھم نسانکا 6 رنز بنا کر بمراہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

کوسل مینڈس نے 3 چوکوں کی مدد سے 16 گیندوں پر 15 رنز بنائے اور بمراہ کی گیند پر 25 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

محمد سیراج نے دیمتھ کرونارتنے کو شبمن گل کا کیچ بنایا، جنہوں نے 18 گیندوں کا سامنا کرکے صرف 2 رنز بنائے تھے۔

سدیرا سمراوکراما نے 25 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد 17 رنز بنا کر چیراتھ اسالینکا کے ساتھ ٹیم کا اسکور 68 رنز پہنچایا لیکن کلدیپ یادیو کی گیند پر وکٹ کیپر نے اسٹمپ آؤٹ کردیا۔

بھارت کے کلدیپ یادیو نے 20 ویں اوور کی دوسری گیند پر سری لنکا کی پانچویں وکٹ حاصل کی تو ان کا اسکور 73 رنز تھا، اسالینکا نے 35 گیندوں کا سامنا کرکے 2 چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے تھے۔

دھنانجیا ڈی سلوا نے اہم موڑ پر ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن دوسرے اینڈ سے کپتان داسن شناکا جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔

داسن شناکا کو جڈیجا نے 99 پر آؤٹ کیا جبکہ سری لنکن کپتان نے 13 گیندوں پر 9 رنز بنائے تھے۔

ڈی سلوا اور ویلالاگے نے اچھی شراکت بنائی اور ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی اور 63 رنز جوڑے۔

دھنانجیا ڈی سلوا 66 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر جڈیجا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے تاہم سری لنکا کا اسکور 162 رنز تک پہنچایا۔

مہیش تھکشانا 2 رنز بنا کر 171 کے اسکور پر پانڈیا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کا اسکور 42 ویں اوور کی پہلی گیند پر 172 رنز تھا تو کلدیپ یادیو نے کاسن راجیتھا کو آؤٹ کردیا، جنہوں نے ایک رن بنایا تھا۔

کلدیپ یادیو نے گزشتہ میچ کی طرح سری لنکا کے خلاف بھی بہترین باؤلنگ کی آخری بلے باز متھیشا پاتھیرانا کو صفر پر آؤٹ کردیا، جس کے ساتھ سری لنکا کی پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی ٹیم 42 ویں اوور کی تیسری گیند پر 172 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور اس کے ساتھ 41 رنزسے شکست کھا گئی۔

سری لنکا کے ویلالاگے نے 5 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے بغیر 42 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو فتح دلانے کی ہر ممکن کوشش کی۔

بھارت کے کلدیپ یادیو نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، جسپریت بمراہ اور رویندرا جڈیجا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سیراج اور پانڈیا کو ایک،ایک وکٹ ملی۔

اس سے قبل سری لنکا نے مسلسل 13 ایک روزہ میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی اور مسلسل فتوحات کے بعد یہ پہلی شکست ہے۔

سری لنکا کی شکست کے ساتھ پاکستان کے لیے ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی میں آسانی پیدا ہوگئی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان جمعرات کو شیڈول میچ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

بھارت نے سپر فور مرحلے میں مسلسل دو فتوحات کے ساتھ فائنل تک رسائی کرلی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں