ورلڈ کپ: افغانستان کی سری لنکا کے خلاف فتح، پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر براجمان

30 اکتوبر 2023
افغانستان نے ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا—فوٹو: اے ایف پی
افغانستان نے ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا—فوٹو: اے ایف پی
سری لنکن بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے—فوٹو: اے ایف پی
سری لنکن بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے—فوٹو: اے ایف پی
بھارتی شہر پونے میں واقع مہاراشٹرا کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان اور سری لنکا مدمقابل ہیں— فوٹو: ایکس/سری لنکا کرکٹ
بھارتی شہر پونے میں واقع مہاراشٹرا کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان اور سری لنکا مدمقابل ہیں— فوٹو: ایکس/سری لنکا کرکٹ

کرکٹ ورلڈ کپ کے 30ویں میچ میں افغانستان نے شان دار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے ایک اور سابق عالمی چمپیئن سری لنکا کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔

بھارتی شہر پونے میں واقع مہاراشٹرا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر سری لنکن کپتان کوشل مینڈس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

سری لنکا کے اوپنرز نے 5 اوورز میں 22 رنز کا آغاز فراہم کیا اور دیمتھ کرونارتنے 21 گیندوں پر 15 رنز بنا کر فضل حق فاروقی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پاتھم نسانکا اور کپتان کوسل مینڈس نے دوسری وکٹ کے لیے شراکت داری طویل بنانے کی کوشش کی لیکن عظمت اللہ عمرزئی نے اس سے ناکام بنایا اور 84 کے اسکور پر نسانکا کی وکٹ حاصل کرلی۔

سری لنکا کی دوسری وکٹ 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر گری جب 46 رنز بنانے والے نسانکا آؤٹ ہوگئے۔

کپتان اور سدیرا سماراوکراما نے ٹیم کی سنچری مکمل کی اور شراکت میں ٹیم کا اسکور 134 تک لے گئے تاہم افغانستان کے نوجوان اسپنر مجیب الرحمٰن نے انہیں آؤٹ کردیا۔

کوسل مینڈس کی اننگز 50 گیندوں پر 39 رنز پر مشتمل تھی، جس میں صرف 3 چوکے شامل تھے حالانکہ مینڈس اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں۔

سدیرا سماراوکراما بھی کپتان کی جدائی برداشت نہ کرپائے اور 139 رنز پر ان کی 36 رنز کی اننگز کا خاتمہ مجیب الرحمٰن نے کردیا، جس کے بعد سری لنکن ٹیم 4 اہم وکٹیں کھونے پر شدید دباؤ کا شکار ہوگئی۔

دھنانجیا ڈی سلوا بھی صرف 14 رنز کا اضافہ کر پائے اور 30 ویں اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 167 تھا۔

فضل حق فاروقی نے 39 ویں اوور میں افغانستان کو چھٹی وکٹ دلائی اور اس مرتبہ آل راؤنڈر چریتھ اسالینکا کی 22 رنز کی اننگز تمام ہوئی۔

سری لنکا کے تجربہ کار کھلاڑی اور سابق کپتان اینجیلو میتھیوز نے 26 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنا کر تھوڑی دیر کے لیے مزاحمت کی جبکہ دوسرے اینڈ سے دشمنتھا چمیرا زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکے اور رن آؤٹ ہوگئے تاہم ٹیم کا اسکور 185 ہوچکا تھا۔

مہیش تھیکشانا نے میتھیوز کا بھرپور ساتھ دیا اور 31 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 29 رنز بنائے تھے۔

میتھیوز 49 ویں اوورز کی تیسری گیند پر فضل حق فاروقی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو سری لنکا نے 239 رنز بنائے تھے۔

کوسن رجیتھا سری لنکا کے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز تھے، جو 5 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آخری اوور کی تیسری گیند پر 241 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم آخری اوور کی تیسری گیند پر 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

افغانستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر فضل حق فاروقی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، مجیب الرحمٰن نے 2، عظمت اللہ عمرزائی اور راشد خان نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے اوپنرز نے اچھی شراکت قائم نہ کرسکے اور پہلے ہی اوور میں صفر پر رحمٰن اللہ گرباز مادوشانکا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں ابراہیم زدران اور رحمت شاہ نے 73 رنز کی شراکت کی تاہم زدران 57 گیندوں پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان حشمت اللہ شاہدی کے ساتھ شراکت میں اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم 131 کے اسکور پر 62 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

عظمت اللہ عمرزئی بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور کپتان کے ساتھ مل کر ٹیم کی نیا پار لگا دی اور نصف سنچری بھی بنائی۔

افغانستان نے مطلوبہ ہدف 46 ویں اوور کی دوسری گیند پر صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنا کر حاصل کرلیا۔

کپتان حشمت اللہ شاہدی 58 اور عظمت اللہ 63 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 73 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے مادوشانکا نے دو اور کاسن راجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

افغانستان کے فاسٹ باؤلر فضل حق فاروقی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

افغانستان نے اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا اور پاکستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر 6 کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔

پوائنٹس ٹیبل پر میزبان بھارت پہلے نمبر پر ہے، جنوبی افریقہ دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور آسٹریلیا چوتھے نمبر پر موجود ہے جبکہ دفاعی چمپیئن انگلینڈ بدترین رن ریٹ کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

قومی ٹیم کا نمبر ساتواں اور سری لنکا افغانستان سے شکست کے بعد چھٹے نمبر پر چلا گیا ہے۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

افغانستان: حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمٰن اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، محمد نبی، اکرام علی خیل، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان، مجیب الرحمٰن، نوین الحق، فضل حق فاروقی۔

سری لنکا: کوشل مینڈس (کپتان)، پاتھم نسانکا، دیموتھ کرونارتنے، سدیرا سماراویکراما، چارتھ اسالنکا، دھننجیا ڈی سلوا، انجیلو میتھیوز، مہیش تھیکشانا، کسون رجیتھا، دلشان مدھوشنکا، دشمنتھا چمیرا۔

تبصرے (0) بند ہیں