• KHI: Partly Cloudy 24.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 25.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 24.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 25.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.4°C

ورلڈ کپ: بارش کے سبب اوورز کی کٹوتی پر پاکستان کو کتنے رنز کا ہدف ملے گا؟

شائع November 4, 2023 اپ ڈیٹ November 4, 2023 06:46pm
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں بارش نے مداخلت کردی ہے جس کے باعث چند اوورز کا کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

بھارت کے شہر بنگلورو میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ تباہ کن ثابت ہوا کیونکہ نیوزی لینڈ نے رچن رویندرا کی سنچری اور کین ولیمسن کی 95 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت 401 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر عبداللہ شفیق پویلین لوٹ گئے لیکن فخر زمان کسی اور ہی موڈ میں میدان میں اترے تھے جنہوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 چھکوں کی مدد سے صرف 63 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔

پاکستان نے ابھی 21.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنائے ہی تھے کہ میچ میں بارش نے مداخلت کر دی جس کی وجہ سے کھیل روکنا پڑ گیا۔

پاکستان کی ٹیم اس وقت ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 10 رنز سے آگے ہے اور اگر میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا تو پاکستان کو 10 رنز سے فاتح قرار دیا جائے گا۔

اب چونکہ بارش کے سبب میچ میں اوورز کم ہونے کا خدشہ ہے، ایسی صورت میں پاکستان کو نظرثانی شدہ ہدف دیا جا سکتا ہے۔

اگر میچ میں 10 اوورز کا کھیل متاثر ہوا تو پاکستان کو 40 اوورز میں 335 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف دیا جائے گا اور پاکستان کو ایسی صورت میں 18.3 اوورز میں 175 رنز بنانے ہوں گے۔

اگر 20 اوورز کا کھیل متاثر ہوا تو پاکستان کو 30 اوورز میں 252 رنز کا ہدف ملے گا اور اس طرح قومی ٹیم کو 8.3 اوورز میں 92 رنز بنانے ہوں گے۔

البتہ اگر میچ میں 25 اوورز کا کھیل ضائع ہوا تو ایسی صورت میں پاکستان کو 25 اوورز میں 197 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف ملے گا اور قومی ٹیم کو 3.3 اوورز میں 37 رنز بنانے ہوں گے۔

بارش رکنے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف 41 اوورز میں 342 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف ملا۔

پاکستان نے میچ دوبارہ شروع ہونے پر جارحانہ انداز برقرار رکھا اور بابر اعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔

پاکستان نے 26ویں اوور میں اپنی ڈبل سنچری مکمل کرلی اور ابھی قومی ٹیم نے 25.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنائے ہی تھے کہ میچ میں ایک بار پھر بارش نے مداخلت کردی۔

جب بارش کے سبب میچ روکا گیا تو پاکستان کی ٹیم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 21 رنز سے آگے تھی اور اگر میچ دوبارہ شروع نہ ہوا تو پاکستان کو 21 رنز سے فاتح قرار دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے یہ میچ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پاکستان پر برتری حاصل ہے، نیوزی لینڈ 7 میچوں میں 4 میں کامیابی اور 3 میں ناکامی کے ساتھ 8 پوائنٹس حاصل کرکے چوتھے نمبر پر ہے۔

دوسری جانب پاکستان 7 میچوں میں سے 4 ناکامی اور 3 میں کامیابی کے ساتھ 6 پوائنٹس حاصل کرکے افغانستان کے بعد چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

اگر اس میچ میں قومی ٹیم کو کامیابی ملتی ہے تو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اچھے مارجن کے ساتھ اگلے میچ میں بھی کامیابی درکار ہوگی، جو انگلینڈ کے خلاف ہوگا۔

ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر میزبان بھارت سرفہرست ہے، جس کے تمام 7 میچوں میں کامیابی کے ساتھ 14 پوائنٹس ہیں، دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ ہے، جس نے 6 میچوں میں فتح کے ساتھ 12 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 اپریل 2026
کارٹون : 14 اپریل 2026