انگلینڈ کی نظریں پاکستان کے خلاف ’اچھی کارکردگی‘ پر مرکوز ہیں، جوز بٹلر

اپ ڈیٹ 09 نومبر 2023
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی سخت محنت کر رہے ہیں — فائل فوٹو:رائٹرز
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی سخت محنت کر رہے ہیں — فائل فوٹو:رائٹرز

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا ہے کہ بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی کے بعد ٹیم نے ’چیزیں بہتر کرنے‘ کی خواہش ظاہر کی ہے، اور پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ 8 ٹیموں میں جگہ بنا کر 2025 میں چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پُرعزم ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ 2023 میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ نے بین اسٹوکس کی شاندار سنچری کی بدولت نیدرلینڈز کو 160 رنز سے شکست دے دی، اور 5 میچوں سے جاری ناکامی کے سلسلے کو ختم کرکے پوائنٹس ٹیبل کے آخر سے اٹھ کر 4 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر پہنچ گئی۔

اب پوائنٹس ٹیبل پر بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیدرلینڈز رن ریٹ کی بنیاد پر بالترتیب آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر براجمان ہیں، ان ٹیموں نے بھی 4 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم اپنے آخری میچ کے لیے کولکتہ روانہ ہو گئی، جہاں وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ 11 نومبر کو مقابلہ کرے گی، پاکستان کے پاس چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حقوق ہیں، جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے، جبکہ اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ کیوی ٹیم رن ریٹ کی بنیاد پر چوتھے نمبر پر براجمان ہے، اور اسے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے سری لنکا کے خلاف جیت کی ضرورت ہے۔

اگر آج کیوی ٹیم کامیابی حاصل کرتی ہے تو پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف نہ صرف کامیابی حاصل کرنا ہوگی بلکہ اسے رن ریٹ کو بھی بہتر کرنا ہوگا، کیونکہ دونوں ٹیموں کے 10، 10 پوائنٹس ہو جائیں گے۔

اسی طرح میچ بارش کی نذر ہونے کی صوررت میں بھی پاکستان یا افغانستان کے فائنل فور میں جگہ بنانے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

جوز بٹلر نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے اس دورے میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا، جو ہم کرنا چاہتے تھے، لیکن ہم مناسب کارکردگی کے ساتھ بھارت سے جانا چاہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ہر کوئی پریشان ہے، لیکن کھلاڑی سخت محنت کر رہے ہیں، انہوں نے شاید اتنی ہی سخت ٹریننگ کی ہے، جتنی وہ پورے دورے کے دوران کرتے رہے، جو چیزوں کو درست کرنے کی خواہش کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ ہم اس طرح نہیں کھیلے جس طرح کھیلنا چاہتے تھے، لیکن اگلا میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہترین ہے کہ ہم اہم میچ کے لیے وہاں جا رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں