اسرائیل، فن لینڈ کے درمیان 34 کروڑ ڈالر کے فضائی دفاعی نظام کا معاہدہ

اپ ڈیٹ 13 نومبر 2023
اسرائیلی وزارت دفاع نے اسے ایک تاریخی معاہدہ قرار دیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
اسرائیلی وزارت دفاع نے اسے ایک تاریخی معاہدہ قرار دیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسرائیل کی وزارت دفاع نے گزشتہ روز نیٹو کے نئے رکن فن لینڈ کو ’ڈیوڈز سلنگ ایئر ڈیفنس سسٹم‘ کی فروخت کے لیے 31 کروڑ یورو (34 کروڑ ڈالر) کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع نے اسے ایک ’تاریخی معاہدہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور امریکی کمپنیوں کی طرف سے مشترکہ طور پر تیار کیا گیا یہ فضائی دفاعی نظام بیلسٹک میزائل، کروز میزائل، ہوائی جہاز اور ڈرونز کو روک سکتا ہے۔

اس سے قبل ستمبر میں اسرائیل نے جرمنی کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے جو کہ اس کے ہتھیاروں کے شعبے میں اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے، اس معاہدے کے تحت جرمنی کو اسرائیل اپنا ایرو 3 ہائپرسونک میزائل سسٹم فروخت کرے گا۔

’لانگ رینج ایرو 3 سسٹم‘ بھی اسرائیل اور اس کے سب سے بڑے اتحادی امریکا کی کمپنیوں نے مشترکہ طور پر تیار کیا اور اس معاہدے کو حتمی شکل دینے سے پہلے امریکا سے اس کی فروخت کی منظوری لینا ضروری تھی۔

یہ معاہدہ ایسے وقت میں ہوا جب جرمنی نے گزشتہ سال یوکرین پر روسی حملے کے بعد یورپ میں نیٹو کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے پر زور دیا اور اتحادیوں سے کہا کہ وہ مل کر دفاعی سسٹم خریدیں۔

نیٹو کے نئے رکن فن لینڈ نے بھی فوری طور پر طیاروں، راکٹوں اور میزائلوں کے خلاف اسرائیلی دفاعی نظام خریدنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یوکرین میں جاری جنگ کے سبب اسرائیلی ہتھیاروں کی یورپ میں مانگ میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں