بولی وڈ کے ’دبنگ ہیرو‘ کہلانے والے سلمان خان نے اعتراف کیا ہے کہ ایک وقت تھا جب لوگوں نے ان کی فلمیں دیکھنا چھوڑ دی تھیں، تب انہوں نے کیریئر بچانے کے لیے بوبی دیول اور سنجے دت جیسے اداکاروں کا سہارا لیا اور ان کے ساتھ کام شروع کیا۔

سلمان خان نے حال ہی میں ’زوم انٹرٹینمنٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں کیریئر سمیت شوبز انڈسٹری اور مستقبل کے اپنے ممکنہ منصوبوں پر بھی کھل کر بات کی۔

ان کے ہمراہ کترینہ کیف بھی انٹرویو میں موجود تھیں، جنہوں نے سلمان خان کے ہمراہ اپنی فلم سیریز ’ٹائیگر‘ کو اپنے لیے سب سے اہم قرار دیا۔

سلمان خان نے اپنی شہرت پر بات کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ مداح ان کی تصاویر کے اوپر دودھ کی بھینٹ نہ چڑھائیں، ان کی تصاویر کو دودھ نہ پلایا جائے، کیوں کہ وہ حقیقت میں بھی دودھ نہیں پیتے۔

انہوں نے مداحوں کو تجویز دی کہ وہ مذکورہ دودھ کسی بھوکے بچے کو دیا کریں، ان کی جانب سے تصاویر کے اوپر دودھ کی بھینٹ چڑھانے سے تصاویر خراب ہوتی ہیں اور یہ کہ وہ جب حقیقت میں دودھ پیتے ہیں تو ان کا پیٹ خراب ہوجاتا ہے، اس لیے دودھ ضائع نہ کیا جائے۔

ایک سوال کےجواب میں انہوں نے خود ’ویرو‘ جب کہ شاہ رخ خان کو ’جے‘ قرار دیا۔

خیال رہے کہ ’جے‘ اور ’ویرو‘ کے کردار ماضی کی مقبول بولی وڈ فلم ’شعلے‘ کے ہیں، جس میں دھرمیندرنے ’ویرو‘ جب کہ امیتابھ بچن نے ’جے‘ کا کردار ادا کیا تھا۔

اسی طرح سلمان خان نے خواہش ظاہر کی کہ عامر خان بھی ان کے ساتھ جاسوس فلم میں کام کریں تو انہیں خوشی ہوگی۔

سلمان خان کا اشارہ جاسوس فلم سیریز ’دھوم‘ کی جانب تھا، جس کی چوتھی فلم میں سلمان خان اور شاہ رخ خان کو کاسٹ کیے جانے کی چہ مگوئیاں ہیں۔

سلمان خان نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ عامر خان بھی ان کے ہمراہ جاسوس فلم میں کام کریں، کیوں کہ وہ پہلے بھی متعدد ایسی فلموں میں کام کر چکے ہیں، جن میں بیک وقت چار چار ہیروز تھے۔

دبنگ ہیرو نے اپنے کیریئر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کبھی زیادہ اداکاروں کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں رہا ہے،انہوں نے ’نو انٹری‘ جیسی کئی ایسی فلمیں کی ہیں، جن میں بیک وقت تین سے چار ہیروز تھے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں انیل کپور، اکشے کمار، عامر خان اور شاہ رخ سمیت نئے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے اور انہیں دوسروں کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں رہا۔

سلمان خان نے اعتراف کیا کہ ان کے کیریئر میں ایک وقت ایسا آیا تھا جب لوگوں نے ان کی فلمیں دیکھنا چھوڑ دی تھیں، جس کے بعد انہوں نے اس وقت کے مقبول اداکاروں سنجے دت اور بوبی دیول کے ساتھ بھی کام کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سنجے کپور سے لے کر نئی نسل کے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا، جس کے بعد وہ دوبارہ لوگوں میں مقبول ہوئے اور لوگوں نے ان کی فلمیں دیکھنا شروع کیں۔

انہوں نے تاثر دیا کہ وہ خود کو سب سے بڑا سپر اسٹار نہیں سجھتے، وہ ہر کسی کے ساتھ کام کرتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں