دورہ آسٹریلیا پر واحد ٹور میچ میں کپتان شان مسعود کی سنچری

اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2023
شان مسعود نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 156 رنز بنائے — فوٹو: بشکریہ پاکستان کرکٹ
شان مسعود نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 156 رنز بنائے — فوٹو: بشکریہ پاکستان کرکٹ

پاکستان نے دورہ آسٹریلیا کے دوران واحد وارم اپ میچ میں کپتان شان مسعود کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنا لیے۔

کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق زیادہ اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور 9 رنز بنانے کے بعد جورڈن بکنگھم کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد عبداللہ شفیق کا ساتھ دینے کپتان شان مسعود آئے اور دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 58 رنز جوڑے۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب اسٹیک ٹی نے 38 رنز بنانے والے عبداللہ کو کیمرون بین کرافٹ کے ہاتھوں کیچ کرا اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔

اس کے بعد مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی وکٹ پر آمد ہوئی جنہوں نے شان کے ہمراہ ایک بہترین شراکت بناتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 92 رنز جوڑ کر اسکور کو 168 تک پہنچا دیا۔

بابر وکٹ پر سیٹ نظر آتے تھے لیکن بکنگھم نے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے 40 رنز بنانے والے بلے باز کو چلتا کردیا جبکہ نئے آنے والے بلے باز سعود شکیل بھی صرف 13 رنز ہی بنا سکے۔

دوسرے اینڈ سے شان مسعود ساتھی کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کا تماشا دیکھتے رہے اور بہترین بلے بازی کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔

سرفراز احمد نے 47 گیندوں پر 41 رنز کی باری کھیلی اور شان مسعود کے ہمراہ پانچویں کے لیے مزید 73 رنز جوڑے۔

پہلے دن کے کھیل کا اختتام اس وقت ہوا جب فہیم اشرف 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے تھے، شان مسعود نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 156 رنز بنائے۔

پرائم منسٹر الیون کی جانب سے بکنگھم نے تین جبکہ ٹوڈ مرفی، مارک اسٹیکٹی اور نیتھن میک اینڈریو نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں