راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے 9 مئی کے 12 مقدمات کے جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق جیل ٹرائل کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف بھی 9 مئی کیسز کی سماعت جیل میں ہوگی۔

تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کو بھی جیل ٹرائل کے نوٹس جاری کردیے گئے، 9 مئی مقدمات کے تمام ملزمان کو 6 فروری سے اڈیالہ جیل آنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

قبل ازیں 25 جنوری کو سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لیے 6 فروری کی تاریخ مقرر کردی گئی تھی۔

9 مئی سے متعلق سابق وزیراعظم کے خلاف 12 اور سابق وزیر خارجہ کے خلاف 6 مقدمات درج ہیں اور دونوں نے ان مقدمات کے سلسلے میں درخواستِ ضمانت دائر کر رکھی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں