بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل، رہائش گاہ سب جیل قرار

اپ ڈیٹ 31 جنوری 2024
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خط پر چیف کمشنر اسلام آباد آفس نے خان ہاؤس
بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا — فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خط پر چیف کمشنر اسلام آباد آفس نے خان ہاؤس بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا — فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم و بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بنی گالہ منتقل کرکے رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔

بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقلی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی درخواست پر کی گئی ہے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خط پر چیف کمشنر اسلام آباد آفس نے خان ہاؤس بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا۔

بنی گالہ رہائش گاہ کو آج سے سب جیل قرار دیا گیا ہے اور تاحکم ثانی بنی گالہ رہائش گاہ سب جیل ہی رہے گی۔

واضح رہے کہ بدھ کو عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ریفرنس میں 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 10 سال کے لیے نااہل بھی کر دیا۔

فیصلہ سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی گرفتاری دینے کے لیے خود اڈیالہ جیل پہنچیں جہاں ان کو تحویل میں لے لیا گیا تھا۔

اس موقع پر اڈیالہ جیل کے اطراف میں پولیس کی بھارتی نفری تعینات تھی، نیب ٹیم کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد بشری بی بی کو اڈیالہ جیل کی خواتین بیرک میں منتقل کر دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں