کبھی کسی کی چاپلوسی نہیں کی، اب چڑھتے سورج کو سلام کیا جاتا ہے، فیصل قریشی
سینیئر اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ شوبز کی دنیا میں سینیئر لوگ بھی چڑھتے سورج کے سلامی ہوتے ہیں لیکن انہیں خود پر فخر ہے کہ انہوں نے کبھی کسی کی چاپلوسی نہیں۔
فیصل قریشی نے حال ہی میں صحافی ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے شوبز انڈسٹری میں سیاست اور گروپ پندی ہونے کا اعتراف کیا۔
ان کے مطابق کچھ لوگوں کو چھوڑ کر ہر کوئی چڑھتے سورج کا سلامی ہوتا ہے، چند سال تک ایسا رہتا ہے، پھر کسی اور کی تعریفیں کی جاتی ہیں، کسی اور کو سلام کیاجاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں نعمان اعجاز ہمیشہ کہتے ہیں کہ وہ ایسی گروپ بندی اور سیاست کا حصہ نہ بنیں اور اپنے کام پر توجہ دیں، جیسے خود نعمان اعجاز کسی سیاست کا حصہ نہیں بنتے اور اپنے کام سے کام رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نعمان اعجاز کسی کے سلامی نہیں، کسی سیاست کا حصہ نہیں لیکن اس باوجود ہر اسکرین پر نظر آتے ہیں۔
ان کے مطابق نعمان اعجاز لاہور اور کینیڈا میں رہتے ہیں لیکن اس باوجود سال میں دو سے تین سیریلز میں نظر آتے ہیں اور وہ بھی ان کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، وہ بھی کسی سیاست کا حصہ نہیں بنتے۔
فیصل قریشی نے بتایا کہ ماضی میں ایسا نہیں ہوتا تھا، ان کے زمانے میں ہمایوں سعید، سلیم شیخ، عدنان صدیقی اور ان سمیت چند اداکار ہوتے تھے اور ان کے درمیان مقابلہ بھی ہوتا تھا لیکن کبھی کسی نے کسی کو نیچا دکھانے کی کوشش نہیں کی۔
اداکار نے واضح کیا کہ وہ کبھی کسی سیاست کا حصہ نہیں بنے، انہوں نے کبھی کسی کی چاپلوسی نہیں کی اور اپنے کام سے کام رکھا۔
انہوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ لاہور سے کراچی منتقل ہونے کے بعد ہمایوں سعید نے انہیں متعدد ڈراموں میں کاسٹ کیا اور ان کی مالی مدد بھی کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان سے پیسوں کا حساب کتاب نہیں ہوتا، اس لیے وہ ڈرامے پروڈیوس نہیں کرتے، انہوں نے چند تجربات کرکے دیکھے لیکن ان سے مالی معاملات درست انداز میں نہیں سنبھالے جاتے۔
انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ماضی میں اعجاز اسلم ان کے مالی معاملات سنبھالتے رہے ہیں اور اب تک ان کی اہلیہ اور اعجاز اسلم انہیں معاشی معاملات پر تجاویز اور مشورے دیتے رہتے ہیں۔












لائیو ٹی وی