محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ 8 فروری کو عام انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے قصور اور شیخوپورہ میں فوج کو تعینات کر دیاگیا ہے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے پاک فوج کے دستے پنجاب بھر سے مختلف اضلاع میں الیکشن ڈیوٹی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے چاق و چوبند دستے لاہور، ملتان، اوکاڑہ، بہالپور اور گوجرانوالہ گیریژن سے پنجاب کے دیگر اضلاع میں الیکشن کے دوران سیکیورٹی فرائض سرانجام دینے کے لیے روانہ ہوگئے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ منڈی بہا الدین، چکوال، سرگودھا سمیت دیگر اضلاع میں فوج کل پہنچ جائےگی۔

بیان میں بتایا گیا کہ الیکشن میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، تمام اضلاع اس سلسلے میں پاک فوج سے رابطے میں ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں الیکشن کے انتظامات کو مانیٹر کیا جارہا ہے، حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے۔

فوجی دستوں کی تعیناتی کا مقصد عام انتخابات کے دوران سول حکومت کی معاونت کرتے ہوئے انتخابی عمل کی شفافیت اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا ہے۔

فوجی اہلکار پولنگ اسٹیشنز کے باہر تھرڈ ٹیئر سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تعینات ہوں گے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹا جائے، پولنگ کے دوران پولیس فرسٹ ٹیئر جبکہ سول آرمڈ فورسز سیکنڈ ٹیئر سیکورٹی مُہیا کریں گی۔

واضح رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد میں محض ایک دن باقی رہ گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں