مردان، پشاور میں فائرنگ، ایس پی اور اہلکار شہید، ڈی ایس پی سمیت 4 زخمی

اپ ڈیٹ 27 فروری 2024
پولیس نے بتایا کہ حملے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس(ڈی ایس پی) سمیت 3 دیگر اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
پولیس نے بتایا کہ حملے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس(ڈی ایس پی) سمیت 3 دیگر اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبر پختونخوا کے شہر مردان اور پشاور میں فائرنگ سے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) اور ایک اہلکار شہید جب کہ ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس نے بتایا کہ مردان کے علاقے زڑہ متہ میں دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایس پی اعجاز خان شہید ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ حملے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس(ڈی ایس پی) سمیت 3 دیگر اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بعد ازاں شہید ایس پی اعجاز خان کی نماز جنازہ پولیس لائن مردان میں ادا کردی گئی جس کے بعد شہید کے جسد خاکی کو تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقہ چارسدہ روانہ کردیا گیا۔

نماز جنازہ میں ریجنل پولیس افسر (آر پی او) مردان سلیمان خان، ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نجیب الرحمن سمیت پولیس افسران نے شرکت کی، اس موقع پر شہید ایس پی کو پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔

دوسری جانب صوبائی دارالحکومت پشاور کے تھانہ پھندو کی حدود میں اہلکاروں نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، نہ رکنے پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے تعاقب کیا جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔

ملزمان کی فائرنگ سے ابابیل فورس کا ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق دونوں اہلکار تھانہ گلبہار میں تعینات تھے، زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کی گاڑی کو حادثہ، 4 اہلکار زخمی

ادھر خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سے ڈیرہ اسمٰٗعیل خان جانے والی پولیس اسکواڈ گاڑی کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق پولیس کانوائے شہید پولیس اہلکار کی میت پشاور سے ڈیرہ اسمٰعیل خان لے کر جا رہے تھے۔

حادثہ تاجہ زئی کے قریب پیش آیا، زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال لکی مروت منتقل کر دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں