سندھ پولیس نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے کراچی میں ہونے والے میچز کے حوالے سے سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سندھ پولیس نے بتایا کہ ایس ایس یو کے ایک ہزار کمانڈوز بمعہ لیڈی کمانڈوز تعینات کیے جائیں گے، سیکیورٹی پلان 28 فروری سے 18مارچ تک پی ایس ایل 9 کے میچز کے حوالے سے تیار کیا ہے۔

ٹریفک پولیس، اسپیشل برانچ، ڈسٹرکٹ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

ریپڈ ریسپانس فورس اور سندھ رینجرز بھی ڈیوٹی سر انجام دینے والوں میں شامل ہیں، کمانڈوز کو اسٹیڈیم، پریکٹس گراؤنڈ، ایئرپورٹ، روٹس، ہوٹلزاور دیگرمختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔

سندھ پولیس کے مطابق ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے، ایس ایس یو کی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے تعینات ہوگی۔

مزید بتایا کہ ایس ایس یوکی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے گی۔

سندھ پولیس کا کہنا تھا کہ عوام الناس کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سڑکیں، شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں