گوادر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق گوادر اور جیونی کی علاقوں میں 5 افراد کو منقطع علاقہ سے بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

گوادر میں بازاروں اور گھروں سے پانی نکالنے کے لیے متاثرہ علاقوں میں ڈی واٹرنگ کا عمل جاری ہے۔

پاک فوج کی جانب سے گوادر میں بارشوں کے باعث آرمی انجینئرز نے روڈ کلیئرنس اور گاڑیوں کی ریکوری شروع کر دی ہے، گوادر کے متاثرہ لوگوں میں پاک فوج راشن اور امدادی سامان تقسیم کر رہی ہے۔

آرمی میڈیکل کورکے ڈاکٹرز کی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہیں، گوادر میں کشتیوں اور تیراکوں کی ٹیم تیار کر لی گئی ہیں۔

گوادر میں بازاروں اور گھروں سے پانی نکالنے کے لیے متاثرہ علاقوں میں ڈی واٹرنگ کا عمل جاری ہے، پاک فوج ہنگامی بنیادوں پر گوادر میں بارش سے ہونے والے نقصانات کا مکمل جائزہ لے رہی ہے۔

26 گھنٹے سے جاری بارشوں نے تباہی مچادی

گوادر میں 26 گھنٹے سے جاری بارشوں نے تباہی مچادی ہے، شہر کا بیشتر حصہ پانی میں ڈوب گیا۔

فقیر کالونی، نیو ٹاؤن، ملابند اور شادو بند کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، متعدد مکانات اور چار دیواریاں زمین بوس ہوگئیں۔

حکومتی مشینری منظر عام سے غائب ہونے کے باعث لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ایک دوسرے کی مدد کرتے نظر آئے۔

شہر کے جنوبی حصے کے کئی خاندانوں کو کشتیوں کے ذریعے مقامی لوگوں نے محفوظ مقامات پر منتقل کرلیا۔

گوادر میں اب تک 200 ملی میٹر تک بارش ہوچکی، سردار سرفراز

ڈی جی میٹ سردار سرفراز نے آگاہ کیا کہ گوادرمیں پچھلے کئی دنوں سے بارشوں کا تیز اسپیل جاری ہے، اب تک گوادر میں 200 ملی میٹر تک بارش ہوچکی ہے جس سے اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

انہوں نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں یکم اور 2 مارچ کو بارش کا امکان ہے، یکم مارچ کو کراچی میں صبح سے وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی۔

سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ کراچی میں کچھ علاقوں میں تیز اسپیل بھی متوقع ہے، جمعہ کو کراچی میں پورے دن وقفے وقفے سے بارش ہوگی، بارش کا سلسلہ 2 مئی تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ بھی بارش کا تیز اسپیل متوقع ہے، بلوچستان کا سسٹم پورے ملک میں تیز بارشیں برسائے گا، پہاڑی علاقوں میں برف باری بھی ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں