اڈیالہ جیل میں قیدیوں کے درمیان جھگڑے کے دوران ایک قیدی اعجاز ربانی قتل جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق جھگڑے کے دوران ایک اور قیدی اماد علی شدید زخمی ہوگیا، جسے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ مقتول اور زخمی کےجھگڑے کے بارے میں تفصیلات اکھٹی کر رہے ہیں، مقتول کی لاش اور زخمی کو پمز سے ڈی ایچ کیو منتقلی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

بعدازاں، جیل انتظامیہ نے بتایا کہ واقعہ اڈیالہ جیل میں ذہنی مریضوں کے سیل نمبر 8 میں پیش آیا۔

مزید بتایا کہ حوالاتی محمد احسن نے مگ توڑ کر اس کے ہینڈل کو نوک دار بنایا، جسے استعمال کر کے دیوار سے اینٹ نکالی گئی۔

جیل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ملزم محمد احسن نے اینٹ نکالنے کے بعد سیل میں سوئے تین قیدیوں پر اینٹ سے حملے کیے، جس کے نتیجے میں تین قیدی غلام ربانی، حماد علی اور محمد شیراز شدید زخمی ہوگئے۔

جیل انتظامیہ نے بتایا کہ حملے کے دوران حوالاتی محمد عمر اظہر جاگ جانے کے باعث اپنی جان بچانے میں کامیاب رہا۔

جیل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ واقعے کی انکوائری ڈپٹی انسپکٹر جنرل راولپنڈی ریجن کر رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں