لاہور کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 5 مقدمات میں 20 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق آج ہی عمر ایوب نے جلاؤ گھیراؤ کے 5 مقدمات میں گرفتاری سے بچنے کے لیے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کی جج ارشد جاوید نے ان کی درخواست پر سماعت کی۔

بعد ازاں عدالت نے عمر ایوب کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 15 مارچ کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمرایوب کی عبوری ضمانت میں 16 اپریل تک توسیع کردی تھی۔

اس سے قبل 12 مارچ کو راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراو، توڑ پھوڑ اور حساس مقامات پر حملوں کے مقدمات میں نامزد قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی تھی۔

پس منظر

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں