پی ایس ایل فائنل سے قبل شاداب خان اور محمد رضوان کا ٹرافی کے ہمراہ فوٹوشوٹ
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے فائنل میں پہنچنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے فائنل میچ سے قبل ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کروایا۔
یاد رہے کہ ملتان سلطانز اپنا مسلسل چوتھا فائنل جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 2018 کے بعد پہلی بار فائنل کھیل رہی ہے۔
شاداب خان اور محمد رضوان آج رات 9 بجے کھیلے جانے والے فائنل میچ سے قبل ٹرافی کے ہمراہ فوٹو شوٹ کے لیے کراچی کے کسٹم ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے بس کے اندر بھی فوٹوشوٹ کروایا۔
اس دوران ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پی ایس ایل سیزن نائن کا فائنل ان کے لیے سیزن کا افتتاحی میچ جیسا ہے۔
رضوان نے کہا کہ ہم مسلسل چوتھا فائنل کھیل رہے ہیں، ٹیم کا ہر کھلاڑی بہت خوش ہے، لیکن میرے لیے یہ کھیل بالکل افتتاحی میچ جیسا ہے۔
اس کےعلاوہ شاداب خان بھی 6 سال بعد فائنل کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں، انہوں نے کہا کہ ’ہماری ٹیم بانڈنگ ہمیشہ بہت اچھی رہی ہے اور ہم ایک فیملی کی طرح رہے ہیں اور یونائیٹڈ کی طرح کھیل رہے ہیں۔
دونوں کپتانوں نے اپنے مداحوں سے آج ہونے والا فائنل میچ دیکھنے کے لیے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کا رخ کرنے کرنے کی اپیل کی۔
یاد رہے کہ ملتان سلطانز نے کوالیفائر ون میچ میں پشاور زلمی کو شکست دے کر اور فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
جب کہ دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے عماد وسیم اور حیدر علی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔