الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔154 لودھراں ون سے دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عبدالرحمن خان کانجو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس حلقہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عبدالرحمن خان کانجو ایک لاکھ 27 ہزار 984 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق آزاد امیدوار رانا محمد فراز نون ایک لاکھ 20 ہزار 683 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اس حلقہ میں 20 ہزار 816 ووٹ مسترد ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ریٹرننگ افسر نے این اے-154 لودھراں میں دوبارہ گنتی سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دوبارہ گنتی کے عمل میں امیدواروں کے نمائندے بھی موجود تھے اور قومی اسمبلی کے حلقے کے بیگز سے صوبائی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز نکلے۔

رپورٹ کے مطابق بیلٹ پیپرز کے تھیلوں کی سیلیں بالکل درست تھیں، کچھ پریذائڈنگ افسران نے انتخابی عمل کو فالو نہیں کیا اور متعلقہ پریذائڈنگ افسران کے خلاف کاروائی کی سفارش کی۔

اس میں کہا گیاکہ دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ(ن) کے عبدالرحمٰن کانجو کے ووٹ ایک لاکھ 27 ہزار 984 نکلے، آزاد امیدوار فراز نون کے ایک لاکھ 20 ہزار 683 ووٹ نکلے۔

تبصرے (0) بند ہیں