9 مئی مقدمات میں گرفتار 10 ملزمان کی رہائی کے لیے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے روبکار جاری کردیے۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے ضمانتی مچلکے منظور کرنے کے بعد ملزمان کی رہائی کے روبکار جاری کیے۔

ملزمان میں عائشہ بھٹہ، کمال خان، مظہر زبیر اور رحمٰن سمیت دیگر شامل ہیں۔

عدالت نے ملزمان کی 2 روز قبل 2،2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں