ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت آج پھر 1900 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ قیمت 2 لاکھ 47 ہزار 600 روپےکی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق اسی طرح 10گرام سونا 1629 روپے مہنگا ہو کر سے 2 لاکھ 12 ہزار 277 روپے کا ہوگیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 45 ہزار 700 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، جبکہ 10 گرام سونا 514 روپے مہنگا ہو کر 2 لاکھ 10 ہزار 648 روپے کا ہوگیا تھا۔

اس سے قبل 6 اپریل کو ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 900 روپے کے بڑے اضافے کے بعد 2 لاکھ 45 ہزار100 روپے بُلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

صراف اور جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون رشید چاند نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی ریکارڈ سطح پر آگئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے اثرات کی وجہ سے مقامی سطح پر نرخوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ 10 مئی 2023 کو فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمت تاریخ کی بُلند ترین سطح 2 لاکھ 40 ہزار روپے اور 2 لاکھ 5 ہزار 761 روپے پر پہنچ گئی تھی۔

اُس دن میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 9 ہزار 900 روپے اور 10 گرام کی قیمت میں 8 ہزار 487 روپے کا بُلند ترین اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں