ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف کی جھنگی چیک پوسٹ پر پنجاب پولیس کے پہلے سے چوکنا جوانوں نے 3 گھنٹے تک لڑتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پولیس نے بتایا کہ حملے میں جھنگی چوکی پر تعینات 7 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہوگئے۔

ترجمان نے کہا کہ 15 سے 20 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاکر مختلف اطراف سے شدید حملہ کیا، دہشتگردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈگرینڈ، لیزر لائٹ گنز سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا، دہشتگرد جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ کر کے تعینات اہلکاروں کویر غمال بنانا چاہتے تھے۔

ترجمان پولیس کے مطابق زخمیوں میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر عمران، کانسٹیبلز عامر، عاشق زین، رحمت اللہ، ثنااللہ اور ایلیٹ کانسٹیبل طارق شامل ہیں جبکہ شدید زخمی ایلیٹ کانسٹیبل شاہد منظور کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ریجنل پولیس افسر ڈیرہ گازی خان خان اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر نے 2 روز قبل چوکی کا دورہ کیا، تعینات نفری کو حملے کے ٹھریٹ سے آگاہ اور دفاعی اقدامات کی ریہرسل کروائی تھی۔

ڈیرہ غازی خان کے ریجنل پولیس افسر نے بتایا کہ جھنگی چوکی کو اضافی نفری، ضروری آلات اور اسلحہ بھی پہلے ہی فراہم کر دیا گیا تھا، انچارج چوکی جھنگی سب انسپکٹر محی الدین نے اپنی نفری کے ساتھ چیک پوسٹ کا بہترین دفاع کیا۔

آئی جی پنجاب نے جھنگی چوکی پر تعینات پولیس جوانوں کو پوسٹ کا کامیابی سے دفاکرنے پر شاباشی دی، اہوں نے آر پی او اور ڈی پی او کو زخمی پولیس افسران اور اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی جاری کیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس الرٹ ہے، دہشتگردوں کو کبھی ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی پی ڈیرہ غازی خان حملہ کی اطلاع ملتے ہی مزید کمک لے کر موقع پر پہنچے تھے، جھنگی چوکی پر تعینات 7 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہوئے، ڈسٹرکٹ پولیس، ایلیٹ ایس او یو کے جوانوں نے بھرپور جواب دیا۔

واضح رہے کہ 14 جنوری کو ضلع تونسہ شریف کی تحصیل وہوا کی جھنگی پولیس چوکی پر دو موٹر سائیکل سواروں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں