• KHI: Clear 17.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C
  • KHI: Clear 17.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C

ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹیرف کے معاملے پر کینیڈا اور میکسیکو سے بات چیت کا عندیہ

شائع February 3, 2025
— فوٹو: وائس آف امریکا
— فوٹو: وائس آف امریکا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ٹیرف کے معاملے پر کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان ایسے وقت آیا ہے، جب وہ کینیڈا، میکسیکو اور چین سے درآمد ہونے والی اشیا پر ٹیرف عائد کرنے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر جاری کرچکے ہیں۔

نئے ٹیرف اقدامات سے امریکا کے یہ تینوں بڑے تجارتی شراکت دار ممالک متاثر ہوں گے، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی مفادات کو مستحکم کرنے کے لیے یہ قیمت ادا کی جاسکتی ہے۔

امریکی صدر کی جانب سے دستخط کردہ ایگزیکٹو آرڈرز کے مطابق کینیڈا اور میکسیکو سے ہونے والی درآمدات پر 25 فی صد ٹیرف عائد کیے گئے، جن پر منگل سے عمل درآمد ہو گا جبکہ چین سے ہونے والی درآمدات پر 10 فی صد مزید ٹیرف عائد کیا گیا۔

ٹیرف سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کیا یہ تکلیف کا باعث بنے گا؟ شاید ہاں یا شاید نہیں، لیکن ہم امریکا کو پھر عظیم بنائیں گے اور اس کے لیے یہ قیمت ادا کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا کے 2 بڑے تجارتی شراکت داروں میکسیکو اور کینیڈا نے فوری طور پر جوابی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ چین نے کہا تھا کہ وہ ٹرمپ کے اقدام کو عالمی تجارتی تنظیم( ڈبلیو ٹی او) میں چیلنج کرنے کے ساتھ دیگر جوابی اقدامات کرے گا۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے جوابی اقدام کے طور پر بیئر، وائن، لکڑی اور برقی آلات سمیت 155 ارب ڈالر کی امریکی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا تھا، جس کا آغاز منگل کو 30 ارب ڈالر اور 21 دن بعد 125 ارب ڈالر کی مصنوعات پر ہوگا۔

جسٹن ٹروڈو نے امریکی شہریوں کو متنبہ کیا تھا کہ ٹرمپ کے ٹیکسز سے ان کی گروسری اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا، ممکنہ طور پر آٹو اسمبلی پلانٹس بند ہوجائیں گے اور نِکل ، پوٹاش ، یورینیم ، اسٹیل اور ایلومینیم جیسی اشیا کی فراہمی محدود ہوجائے گی۔

انہوں نے اپنے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ امریکا کا سفر ترک کردیں اور امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔

میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ اپنے وزیر اقتصادیات کو جوابی ٹیکسز کے نفاذ کی ہدایت کر رہی ہیں لیکن انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025