پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے 3 سال مکمل ہونے پر احتجاج کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے خاتمے کے 3 سال مکمل ہونے پر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے 3 سال مکمل ہونے پر پنجاب کے تمام ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو اپنے حلقوں میں احتجاج کے ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
پنجاب کے تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں احتجاجی ریلیوں کا اعلان کیا گیا ہے، ہر حلقے کے ایم این اے، ایم پی اے اور ٹکٹ ہولڈرز کو ریلی میں پارٹی پرچم اور زیادہ سے زیادہ کارکن لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پارٹی قیادت کی جانب سے ضلعی سطح پر رہنماؤں کو کہا گیا ہے کہ ریلیوں کی ویڈیو بنا کر بھیجی جائے۔
چیف آرگنائزر پی ٹی آئی پنجاب عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان ریلیوں کے ذریعے بانی عمران خان سے وفاداری کا ثبوت دیں گے، ہمارے کارکن ریلیوں کے ذریعے پیغام دیں گے کہ ہم رجیم چینج کو نہیں بھولے۔
واضح رہے کہ 10 اپریل 2022 کو پاکستان میں پہلی بار کسی منتخب وزیراعظم کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا تھا۔
قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوئی تھی، جس کے بعد وہ ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے تھے، جن کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر ہونے والے پارلیمان کے ایوانِ زیریں کے اجلاس کے دوران اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے استعفے کے اعلان کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی اور سابق اسپیکر ایاز صادق نے اجلاس کی صدارت کی تھی۔
اسپیکر اسد قیصر نے ایوان میں آکر اراکین سے کہا کہ زمینی حقائق کو دیکھتے ہوئے میں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے، اور ایاز صادق سے کہا تھا کہ وہ پینل آف چیئرمین کے رکن کی حیثیت سے اجلاس کی کارروائی جاری رکھیں۔
ایاز صادق نے عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کے بعد اعلان کیا تھا کہ قومی اسمبلی کے 342 ارکان میں سے 174 اراکین نے تحریک عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دے دیا ہے۔












لائیو ٹی وی