فواد خان، ہانیہ عامر اور دیگر شوبز شخصیات کا پہلگام واقعے پر اظہار افسوس
مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر 22 اپریل کو ہونے والے واقعے پر پاکستانی شوبز شخصیات نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار افسوس بھی کیا۔
فواد خان، ہانیہ عامر، ماورا حسین، فرحان سعید اور انورا خالد سمیت دیگر شوبز شخصیات نے پہلگام واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوشل میڈیا پوسٹس شیئر کیں۔
فواد خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں پہلگام واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حملے کو گھناؤنی سازش بھی قرار دیا اور ساتھ ہی انہوں نے ہلاک ہونے والے افراد کے ورثا سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
فواد خان نے لکھا کہ انہیں پہلگام واقعے کا سن کر شدید دکھ ہوا اور وہ ہلاک ہونے والے ورثا کے لیے دعاگو ہیں۔
ان کی طرح ہانیہ عامر نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں واقعے پر اظہار افسوس کیا اور ہلاک ہوانے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
اداکارہ نے اسٹوری میں بھارتی میڈیا کی خبر بھی شیئر کی، جس میں بتایا گیا تھا کہ حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے۔
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بھی پہلگام واقعے پر شدید اظہار افسوس کیا، واقعے میں انسانی جانوں کے ضیا پر بھی اظہار افسردگی کرتے ہوئے انہوں نے ہلاک افراد کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی۔
اداکارہ ماورا حسین نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعے کو گھناؤنی سازش قرار دیا اور لکھا کہ خدا ہلاک ہونے والے افراد کے ورثا کو صبر عطا کرے۔
گلوکارہ انورا خالد نے بھی پہلگام واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہلاک افراد کے ورثا سے ہمدردی اور تعزیت کی۔
دیگر شوبز، میوزک اور فیشن سے وابستہ شخصیات نے بھی پہلگام واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کی مغفرت کی دعائیں بھی کیں۔