اسلام آباد: بھارتی ہائی کمیشن کے باہر شہریوں کا احتجاج، مودی کیخلاف نعرے بازی
مودی سرکار کی شرپسندی کے خلاف اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے سول سوسائٹی کے کارکنوں نے احتجاج اور اس دوران ہندوستان اور مودی کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام واقعے پر شرپسندی کے خلاف مختلف شہروں میں سیاسی جماعتوں کے کارکن بھارت کے خلاف سڑکوں پر آگئے۔
اسلام آباد میں متعدد شہری ڈپلومیٹک انکلیو پہنچ گئے، مظاہرین میں سول سوسائٹی کے ارکان، سیاسی جماعتوں اور حریت تنظیموں کے اراکین شامل تھے جب کہ مظاہرین نے بھارتی ہائی کمیشن کے اندر جانے کی کوشش کی ، اس دوران پولیس مشتعل افراد کو قابو کرتے رہے۔
مشتعل مظاہرین کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن میں گھسنے کی کوشش کے دوران سیکیورٹی حکام اور احتجاجیوں کے درمیان دھکم پیل ہوئی، مظاہرین گیٹ پھلانگ کر انڈین ہائی کمیشن کی طرف روانہ ہوگئے۔
تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں روکنے میں کامیاب رہے جب کہ ریڈ زون میں مزید نفری بھی طلب کرلی گئی۔
جس کے بعد مظاہرین انڈین ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کرنے کے بعد واپس روانہ ہوگئے، احتجاج کے دوران مظاہرین نے بھارت دہشت گرد، ہندوستان مردہ باد، مودی سرکار مردہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں منگل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ روز سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جبکہ واہگہ بارڈرکی بندش اور اسلام باد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اپنے ملٹری اتاشی کو وطن واپس بلانے کے علاوہ پاکستان میں تعینات سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کردی تھی۔
بعد ازاں، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔













لائیو ٹی وی