• KHI: Asr 5:14pm Maghrib 7:21pm
  • LHR: Asr 4:58pm Maghrib 7:07pm
  • ISB: Asr 5:07pm Maghrib 7:18pm
  • KHI: Asr 5:14pm Maghrib 7:21pm
  • LHR: Asr 4:58pm Maghrib 7:07pm
  • ISB: Asr 5:07pm Maghrib 7:18pm

بھارت کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، دشمن کے کئی مورچے تباہ

شائع April 30, 2025
اس واقعے سے قبل بھارتی فوج کے رافیل طیارے شاہینوں کے فوری ردعمل کے بعد فرار ہوگئے تھے
—فوٹو: ڈان نیوز
اس واقعے سے قبل بھارتی فوج کے رافیل طیارے شاہینوں کے فوری ردعمل کے بعد فرار ہوگئے تھے —فوٹو: ڈان نیوز

بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کی جارہی ہے، 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب بھارت نے ایل او سی پرسیزفائر خلاف ورزی کی۔

ڈان نیوز کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نےایل او سی کے کیانی، منڈل سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی، بھارت نے بلا اشتعال فائرنگ میں چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے دشمن کی کارروائی کا بھرپورجواب دیا، جس کے نتیجے میں دشمن کے کئی مورچے تباہ ہوگئے، اور بھارت کی گنیں خاموش ہوگئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی میں بھارت کی چکپترا پوسٹ تباہ ہوئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سرکاری میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے 4 رافیل طیاروں کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ رات پیٹرولنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے ’پی ٹی وی نیوز‘ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ دشمن کے رافیل طیاروں نے 29 اور 30 اپریل کی شب مقبوضہ جموں وکشمیر میں پیٹرولنگ کی، پاکستان ایئرفورس کے طیاروں نے بھارتی ایئرفورس کےجنگی طیاروں کی فوراً نشاندہی کرلی۔

پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں بھارتی رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر فرار ہوگئے۔

اس سے قبل وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا تھا کہ قابل اعتماد انٹیلی جنس رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت گزشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے بعد اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، اس کے علاوہ بھی مودی سرکار نے پاکستان کے حوالے سے کئی جارحانہ فیصلے کیے، جن میں پاکستانیوں کے ویزوں کی منسوخی بھی شامل ہے۔

پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدامات کرتے ہوئے بہترین سفارتی حکمت عملی کو اختیار کیا، اور بھارت کے سفارتی عملے کو بھی 30 افراد تک محدود کر دیا گیا تھا، قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا تھا کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، پانی بند کیا گیا تو پاکستان اسے جنگ تصور کرے گا۔

جنوبی ایشیا میں دو ایٹمی قوتوں کے درمیان کشیدگی سے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ میں جعفر ایکسپریس حملے کا االزام علاقائی حریف پر عائد کیا ہے، اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو قبول کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا، تاہم بھارت کی جانب سے امن کے لیے اقدامات کے بجائے روایتی ہٹ دھرمی کا سلسلہ برقرار ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ اور اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے دونوں ملکوں پر کشیدگی میں کمی لانے پر زور دیا ہے، تاہم بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی رکھے ہوئے ہے۔

کارٹون

کارٹون : 11 جون 2025
کارٹون : 10 جون 2025