بھارت نے بھی پاکستان کیلئے اپنی فضائی حدود بند کردیں، ناٹم جاری

شائع May 1, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

بھارت نے بھی پاکستان کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرتے ہوئے ناٹم جاری کردیا ہے، بھارت کی فضائی حدود آج سے23 مئی تک تمام پاکستانی طیاروں کے لیے بند رہیں گی۔

ڈان نیوز کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کے جارحانہ اقدامات کے جواب میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش کے فیصلے کے جواب میں بھارت نے بھی پاکستان کے لیے اپنے فضائی حدود بند کرتے ہوئے نوٹم جاری کردیا ہے۔

نوٹم کے مطابق بھات کی فضائی حدود آج سے23 مئی تک تمام پاکستانی طیاروں کے لیے بند رہیں گی، واضح رہے کہ قومی ائیرلائن پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے احتیاط کے طور پر پہلے ہی بھارتی فضائی حدود کا استعمال روک چکی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے پہلگام حملے کو جواز بناکر بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے اعلان پر پاکستان نے بھارتی ائیرلائنز کے لیے اپنے فضائی حدود بند کردی تھیں، پاکستان کی فضائی حدود کی اچانک بندش سے بھارتی ائیر لائنز کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے 29 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کا جواب دینے کے لیے بھارتی فوج کو ’آپریشنل آزادی‘ دے دی تھی۔

اس سے قبل بھارت نے 22 اپریل مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی مبینہ ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا،بھارتی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اس حملے کا واضح اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے علاوہ پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ واہگہ بارڈرکی بندش اور اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اپنے ملٹری اتاشی کو وطن واپس بلانے کے علاوہ پاکستان میں تعینات سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کردی تھی۔

بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان نے شملہ سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کی معطلی کا عندیہ دیتے ہوئے بھارت کے لیے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدام کے طور پر بھارتی ہائی کمیشن میں سفارتی عملے کو 30 ارکان تک محدود کرنے کے علاوہ بھارتی دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی شہریوں کے ویزے منسوخ کرکے انہیں 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 جون 2025
کارٹون : 21 جون 2025