بھارت کے کسی بھی فوجی مس ایڈوینچر کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کے کسی بھی فوجی مس ایڈوینچر کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے منگلا اسٹرائیک کور کی جنگی مشقوں کا معائنہ کیا، انہوں نے ہیمر اسٹرائیک مشق کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج کے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا کہ ہر قیمت پر ملک کی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ بھارت کے کسی بھی فوجی مس ایڈوینچر کا فوری، مضبوط اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہماری تیاری اور عزم مکمل اور غیر متزلزل ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دورے کے دوران آرمی چیف نے افسران اور دستوں کے بلند حوصلے، جنگی مہارت اور جذبے کو سراہا۔
اعلامیے کے مطابق اعلیٰ فوجی قیادت، فارمیشن کمانڈرز نے مشقوں کا مشاہدہ کیا۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، اس کے علاوہ بھی مودی سرکار نے پاکستان کے حوالے سے کئی جارحانہ فیصلے کیے، جن میں پاکستانیوں کے ویزوں کی منسوخی بھی شامل ہے۔
بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان نے شملہ سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کی معطلی کا عندیہ دیتے ہوئے بھارت کے لیے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
قومی سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدام کے طور پر بھارتی ہائی کمیشن میں سفارتی عملے کو 30 ارکان تک محدود کرنے کے علاوہ بھارتی دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی شہریوں کے ویزے منسوخ کرکے انہیں 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
30 اپریل کو وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خبردار کیا تھا کہ مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق بھارت پہلگام واقعے کو جواز بنا کر اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں جارحیت کا ارادہ رکھتا ہے۔