فیکٹ چیک: پہلگام واقعے سے متعلق ہانیہ عامر کی وائرل پوسٹ جھوٹی ہے
مقبول اداکارہ ہانیہ عامر نے واضح کیا ہے کہ حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پہلگام واقعے سے متعلق ان کے نام سے منسوب پوسٹ جھوٹی ہے، انہوں نے ایسی کوئی پوسٹ شیئر نہیں کی۔
ہانیہ عامر نے انسٹاگرام اسٹوری میں واضح کیا کہ انہوں نے اس طرح کی کوئی من گھڑت اور نفرت پر مبنی پوسٹ نہیں کی، ان کے مداح اور پرستار ان سے منسوب کسی بھی چیز یا پوسٹ کی تصدیق کے بعد اس پر یقین کریں۔
اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے پہلگام واقعے سے متعلق پوسٹ نہیں کی، یہ وقت سیاست اور ایک دوسرے پر الزام لگانے کا نہیں بلکہ ایک دوسرے کے درد کو سمجھ کر حقائق کی جانب بڑھنے کا ہے۔
ہانیہ عامر نے لکھا کہ پہلگام واقعے میں انسانی جانوں کے نقصان کا درد حقیقی ہے اور اس درد کو وہی سمجھتا ہے جو اس سے گزرا ہو، ان کی ہمدردیاں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

ساتھ ہی اداکارہ نے لکھا کہ لیکن حملے کو جواز بنا کر دوسرے پر الزام تراشی کرنا درست بات نہیں، معاملے کی حساست کو دیکھتے ہوئے شواہد کی بنیاد پر بات کی جانی چاہیے، کسی پر الزام لگانا نفرت کو بڑھا سکتا ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کی کوئی قومیت یا فرقہ نہی ہوتا لیکن ایسے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دے کر، ایک دوسرے کے ساتھ حقائق کے ساتھ بات کرکے کشیدگی کم کی جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ ہانیہ عامر کے نام سے انسٹاگرام پوسٹ کا اسکرین شاٹ وائرل ہوا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ بھارت پہلگام میں ہونے والے واقعے کی سزا عام پاکستانیوں کو نہ دے۔
پوسٹ کے الفاظ اور جملوں سے ہی اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ ہانیہ عامر کے الفاظ اور خیالات نہیں، پوسٹ میں واضح طور پر پہلگام حملے کے الزامات پاک فوج، پاکستان اور اسلامی مذہبی تنظیموں پر لگائے گئے تھے۔
علاوہ ازیں ہانیہ عامر کے نام سے وائرل پوسٹ کے اسکرین شاٹ میں نظر آنے والی پروفائل تصویر سے بھی واضح ہوتا ہے کہ وہ ہانیہ عامر کی جانب سے کی گئی پوسٹ نہیں۔
تاہم اس باوجود خصوصی طور پر بھارتی سوشل میڈیا نے اداکارہ کی پوسٹ کو وائرل کیا، جس سے اداکارہ کے مداحوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی لیکن اب اداکارہ نے واضح کیا ہے کہ وائرل پوسٹ انہوں نے نہیں کی، وہ جھوٹی ہے۔













لائیو ٹی وی