خیبرپختونخوا: فورسز کے 3 مختلف آپریشنز میں مطلوب دہشتگرد سمیت 5 خارجی ہلاک

شائع May 3, 2025
مہمند میں فورسز نے خارجیوں کا خفیہ ٹھکانہ تباہ کردیا اور خارجی لال امیر عرف ابراہیم سمیت 2 دہشتگردوں کو گرفتار کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
مہمند میں فورسز نے خارجیوں کا خفیہ ٹھکانہ تباہ کردیا اور خارجی لال امیر عرف ابراہیم سمیت 2 دہشتگردوں کو گرفتار کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز میں 5 خارجیوں کو ہلاک اور 2 کو گرفتار کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں 3 خارجی ہلاک ہوئے، جن میں انتہائی اہم مطلوب خارجی فرید اللہ بھی مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 خارجی فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔

مہمند میں سیکیورٹی فورسز نے خارجیوں کا خفیہ ٹھکانہ تباہ کردیا، مہمند سے خارجی لال امیر عرف ابراہیم سمیت 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کے لیے چوکس ہیں، اور ارض وطن میں قیام امن کے لیے ہر وقت مستعد ہیں۔

واضح رہے کہ 26 سے 28 اپریل تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں پاک-افغان سرحد پر کارروائی میں 71 خوارج مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ہلاک خوارج سے ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے، 27 اپریل کو پاک - افغان سرحد پر کارروائی میں 54 خارجی مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، سیکیورٹی فورسز ملکی امن وا ستحکام و ترقی کو سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025