فیس سیونگ کیلئے کارروائی کی تو بھارت کا منہ کالا کردیں گے، خواجہ آصف

شائع May 3, 2025
— فائل فوٹو: بشکریہ اسکائی نیوز
— فائل فوٹو: بشکریہ اسکائی نیوز

وزیر دفاع خواجہ آصف نے دوٹوک پیغام دیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو پاکستان پانی روکنے کا اسٹرکچر تباہ کردے گا اور بھارت نے فیس سیونگ کے لیے کوئی کارروائی کی تو منہ کالا کردیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق خواجہ آصف نے سندھ طاس معاہدہ کی معطلی پر متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کی خلاف ورزی اتنا آسان نہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مودی نے ووٹ بٹورنے کے لیے ڈراما رچایا لیکن عالمی برادری نے بھارتی بیانیہ قبول نہیں کیا جبکہ امریکی نائب صدر نے بھارت کے لیے فیس سیونگ کی گنجائش رکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو عالمی سطح پر وہ مؤقف نہیں ملا جس کی وہ توقع کر رہے تھے اور اگر بھارت کی جانب سے فیس سیونگ کے لیے کارروائی کی گئی تو بھارت کا منہ کالا کردیں گے۔

واضح کیا کہ بھارت نے پانی روکنے کیلئے کوئی اسٹرکچر بنایا تو اسے تباہ کردیں گے، پاکستان کی عوام اور افواج پاکستان کا جذبہ بہت بلند ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے خطرہ تاحال موجود ہے، ترجمان وائٹ ہاؤس کا بیان آیا کہ تحمل کا مظاہرہ کریں، تحقیقات کی پیشکش نہ کرتے تو دنیا سے جارحانہ بیانات آسکتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوست ممالک کے نمائندوں سے رابطے میں ہیں، دنیا کے اہم ممالک کوششوں میں ہیں تنازع نہ بڑھے جب کہ بھارت آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں کے پاس جارہا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جس کے جواب میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے تجارت اور واہگہ بارڈر کی بندش کرنے کا فیصلہ کیا، علاوہ ازیں بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود بھی بند کردی گئی، اور بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں پاکستان چھوڑ دینے کا حکم دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025