آئی پی ایل فرنچائز نے پشاور زلمی کے کھلاڑی کو منتخب کرلیا

شائع May 4, 2025
— فوٹو: پشاور زلمی / ایکس
— فوٹو: پشاور زلمی / ایکس

انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی معروف فرنچائز پنجاب کنگز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑی مچل اوون کو اسکواڈ میں شامل کرلیا۔

کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق پنجاب کنگز نے اپنے غیر ملکی کھلاڑی گلین میکسویل کے انجرڈ ہونے کے بعد ان کے متبادل کے طور پر مچل اوون کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔

مچل اوون اس وقت پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کررہے ہیں اور ان کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر ہے، وہ پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے میچز ختم ہونے کے بعد ہی پنجاب کنگز کو جوائن کریں گے۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل میچ کے دوران انگلی فریکچر ہونے کے باعث آئی پی ایل 2025 سے باہر ہو گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق مچل اوون پشاور زلمی کا سیزن ختم ہونے کے بعد بھارت کے لیے روانہ ہوں گے جب کہ ان کی فرنچائز پی ایس ایل میں اپنا آخری گروپ میچ 9 مئی کو کھیلے گی اور اگر زلمی پلے آف میں پہنچ جاتی ہے تو پھر انہیں 18 مئی تک رکنا ہوگا۔

اس کے باوجود، مچل اوون کنگز پنجاب کو پلے آف مرحلے میں جوائن کرسکتے ہیں، اگرچہ انہوں نے آئی پی ایل 2025 کی نیلامی میں اپنا نام درج کروایا تھا لیکن وہ فائنل نہیں ہوسکے تھے البتہ انہیں متبادل کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔

آسٹریلیا کے 23 سالہ بلے باز مچل اوون نے حالیہ بگ بیش لیگ کے سیزن میں سب کی توجہ حاصل کی جہاں وہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر رہے تھے اور انہوں نے اپنی فرنچائز ہوبارٹ ہریکینز کو چیمپیئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

مچل اوون نے بگ بیش کے فائنل میں صرف 42 گیندوں پر 108 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا جب کہ مجموعی طور پر 11 اننگز میں 452 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں مچل اوون کی شمولیت جنوبی افریقی آل راؤنڈر کوربن بوش کے متبادل کے طور پر ہوئی تھی جنہوں نے اچانک پی ایس ایل سے معاہدہ توڑ کر آئی پی ایل کی فرنچائز ممبئی انڈینز کو جوائن کرلیا تھا۔

بعد ازاں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کاربن بوش کو قانونی نوٹس بھیجا تھا اور ان پر ایک سال کے لیے پی ایس ایل پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

جنوبی افریقی آل راؤنڈر نے اپنے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی مداحوں اور پی سی بی سے معافی بھی مانگی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025