• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 5:09pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:51pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 5:00pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 5:09pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:51pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 5:00pm

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا،7 جوان شہید

شائع May 6, 2025
— فائل فوٹو: عبداللہ زہری
— فائل فوٹو: عبداللہ زہری

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 7 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آج بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں بھارتی پراکسی سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں، کالعدم ’بلوچ لبریشن آرمی‘ نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دیسی ساختہ بم ( آئی ای ڈی ) سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 7 جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جام شہادت نوش کرنےو الوں میں صوبیدار عمر فاروق (عمر 42 سال؛ ساکن کراچی)، نائیک آصف خان (عمر 28 سال؛ ساکن ضلع کرک)، نائیک مشکور علی (عمر 28 سال؛ ساکن ضلع اورکزئی)، سپاہی طارق نواز (عمر 26 سال؛ ساکن ضلع لکی مروت)، سپاہی واجد احمد فیض (عمر 28 سال؛ ساکن ضلع باغ)، سپاہی محمد عاصم (عمر 22 سال؛ ساکن ضلع کرک) اور سپاہی محمد کاشف خان (عمر 28 سال؛ ساکن ضلع کوہاٹ) شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائیزیشن کا عمل جاری ہے، اور اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز، قوم کے شانہ بشانہ، بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ، پاکستان کی سرزمین پر کام کرنے والے بھارت اور اس کے پراکسیز کے مذموم عزائم کو بہادر سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستان کی بہادر قوم مل کر شکست دے گی۔

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت

وزیر اعظم شہباز شریف نے کچھی میں سیکورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے وطن کے لیے جان قربان کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، اور شہدا کی بلندی درجات کی دعا، اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، ہمارے شہدا کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک افواج کے بہادر جوان دشمن کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 20 مئی 2025
کارٹون : 19 مئی 2025