• KHI: Maghrib 7:14pm Isha 8:40pm
  • LHR: Maghrib 6:58pm Isha 8:33pm
  • ISB: Maghrib 7:08pm Isha 8:47pm
  • KHI: Maghrib 7:14pm Isha 8:40pm
  • LHR: Maghrib 6:58pm Isha 8:33pm
  • ISB: Maghrib 7:08pm Isha 8:47pm

فواد اور ماہرہ خان نے بھارتی قوم کی توہین کی، انڈین فلم ورکرز تنظیم

شائع May 8, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بھارت کی آل انڈین سائن ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے فواد خان اور ماہرہ خان کی جانب سے بھارتی حملوں کی مذمت پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے دونوں پاکستانی فنکاروں پر تاحیات انڈیا میں پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا۔

اے آئی سی ڈبلیو اے بھارت کی فلم ورکرز کی سب سے بڑی اور نمایاں تنظیم ہے، جس نے دونوں پاکستانی اسٹارز کو پاکستان سے اظہار محبت دکھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

’فلم فیئر‘ کے مطابق تنظیم نے اپنے جاری کردہ بیان میں فواد خان اور ماہرہ خان کے بیانوں کو بھارتی قوم کی توہین قرار دیا۔

تنظیم نے اپنے بیان میں لکھا کہ دونوں پاکستانی فنکاروں نے بھارتی فوج کی کارروائیوں کو ’بزدلانہ اور شرمناک‘ قرار دے کر بھارتی قوم کی توہین کی۔

تنظیم کے مطابق دونوں پاکستانی فنکاروں نے نہ صرف بھارتی قوم کی توہین کی بلکہ انہوں نے پہلگام واقعے میں مارے جانے والے افراد کی قربانیوں کو بھی للکارا۔

تنظیم نے دونوں اداکاروں کے بیان کو پوری بھارتی قوم کے خلاف قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان پر تاحیات بھارت میں کام کرنے پر پابندی لگائی جانی چاہیے۔

آل انڈین سائن ورکرز ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ پوری بھارتی فلم اور میوزک انڈسٹری کو کسی بھی پاکستانی فنکار، گلوکار، سرمایہ کار اور دوسرے تکنیکی عملے کے ساتھ کوئی کام یا معاونت نہیں کرنی چاہیے۔

تنظیم نے لکھا کہ مشکل وقت اور حالات کے باوجود دیکھا گیا ہے کہ بہت سارے بھارتی گلوکار پاکستانی گلوکاروں اور فنکاروں کے ساتھ دوسرے ممالک میں ایک ساتھ پرفارمنس کرتے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

تنظیم نے مطالبہ کیا کہ بھارت کے علاوہ بیرون ممالک بھی بھارتی فنکار کسی پاکستانی فنکار کے ساتھ کبھی کوئی کام نہ کریں۔

آل انڈین سائن ورکرز ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں خصوصی طور پر فواد خان کی فلم ’ابیر گلال‘ کا ذکر کرتے ہوئے اسے بھارت کے لیے شرمندگی بھی قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ فلم پر پابندی لگائی جانی چاہیے۔

تنظیم نے ’ابیر گلال‘ کے بھارتی پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور مطالبہ کیا حالیہ صورت حال کے بعد کسی بھی بھارتی کو پاکستانی کے ساتھ کوئی کام نہیں کرنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 24 مئی 2025
کارٹون : 22 مئی 2025