پاکستانی ہیکرز نے 2500 بھارتی خفیہ کیمروں اور درجنوں ویب سائٹس کو ہیک کرلیا
پاکستانی فوج کی طرح پاکستانی سائبر ہیکرز کی جانب سے بھی بھارتی ویب سائٹس، ڈیجیٹل ڈیٹا بیس اور انتہائی حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، پاکستانی ہیکرز نے 2500 بھارتی سی سی ٹی وی کیمرائوں تک رسائی حاصل کرلی۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان‘ (اے پی پی) نے سیکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی ہیکرز نے بھارت کی مرکزی حکومت کی حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ویب سائٹ تک بھی رسائی حاصل کرلی۔
علاوہ ازیں پاکستانی ہیکرز نے بھارتی ایئر فورس اور مہاراشٹر الیکشن کمیشن سمیت بھارتی بحریہ سے منسلک ویب سائٹس تک بھی رسائی حاصل کرکے ڈیٹا ہیک کرلیا۔
پاکستانی ہیکرز نے بھارت کی کرائم ریسرچ انویسٹی گیشن ایجنسی، مہانگر ٹیلی فون نگم لمیٹڈ، بھارت ارتھ موورز لمیٹڈ اور آل انڈیا نیول ٹیکنیکل سپروائزری اسٹاف ایسوسی ایشن کی ویب سائٹس بھی ہیک کرلیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستانی ہیکرز نے ہندوستان ایروناٹیکل لمیٹڈ، بارڈر سیکورٹی فورس اور یونیک آئیڈنٹی فکیشن اتھارٹی آف انڈیا کی ویب سائٹس کو بھی ہیک کرکے ڈیٹا حاصل کرلیا۔
علاوہ ازیں پاکستانی ہیکرز نے بھارت کی اہم تنصیبات پر نصب 2500 خفیہ کیمروں تک بھی رسائی حاصل کرکے ڈیٹا اور معلومات حاصل کرلی۔
اس سے قبل پاکستان ہیکرز نے بھارت کی سائبر دہشتگردی کا جوابی وار دینے کے لیے ’آپریشن سالار‘ شروع کرتے ہوئے اہم ترین ویب سائٹس کو بھی ہیک کرلیا تھا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سائبر حملوں کا معاملہ اس وقت شروع ہوا جب بھارتی ہیکرز نے 6 مئی کے بعد پاکستانی ویب سائٹس کو نشانہ بنانا شروع کیا تھا۔
بھارتی سائبر فورس کی طرح بھارتی فوج نے بھی پاکستان پر 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب حملے کیے تھے، جس کے بعد جواب میں پاک فوج نے 10 مئی کو متعدد بھارتی فوجی تنصیبا پر حملے کرکے انڈیا کے ایئر ڈیفینس نظام کو بھی تباہ کردیا تھا۔
دونوں ممالک میں شدید کشیدگی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ثالثی کرکے جنگی بندی کروائی اور دونوں ممالک نے 10 مئی کی سہ پہر کو مکمل اور فوری جنگ بندی کا اعلان کیا۔