بھارت : حیدرآباد دکن میں عمارت میں آتش زدگی سے 17 افراد ہلاک

شائع May 18, 2025
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد دکن میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے۔

عالمی خبر رساں ادرے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہ آتشزدگی کا واقعہ اتوار کی صبح سویرے پیش آیا جب ایک تین منزلہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔

جنوبی تلنگانہ ریاست میں فائر ڈیزاسٹر رسپانس ایمرجنسی اور سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے کے فوراً بعد مدد کے لیے کال موصول ہوئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر لگی اور بالائی منزلوں تک پھیل گئی، جس کے بعد فائر فائٹنگ اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

بیان کے مطابق آتش زدگی کے نتیجے میں عمارت میں رہائش پذیر 17 افراد جھلسنے اور دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے، جبکہ آگ لگنے کا سبب جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے دو ، دو لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ ناقص تعمیراتی طریقوں، اور حفاظتی ضوابط پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے بھارت میں آگ لگنے کے واقعات عام ہیں۔ گزشتہ ماہ، کولکتہ کے ایک ہوٹل میں خوفناک آتش زدگی کے واقعے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اسی طرح گزشتہ سال، مغربی ریاست گجرات میں ایک بھرے ہوئے تفریحی پارک میں آگ لگنے سے کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025