نیویارک کے مشہور بروکلن برج سے بادبانی کشتی ٹکرا گئی، 2 افراد ہلاک

شائع May 19, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

نیویارک میں مشہور بروکلن برج سے بادبانی کشتی ٹکراگئی، حادثے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ کشتی کے بادبان ٹوٹ گئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق واقعہ اس وقت پیش جب ایک 150 فٹ بلند میکسیکن سیلنگ شپ (بادبانی کشتی) اتوار کو علی الصبح نیویارک کے مشہور بروکلن برج سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں جہاز کے بادبان ٹوٹ گئے اور عملے کے دو ارکان ہلاک ہو گئے، امریکی حفاظتی حکام نے حادثے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

واقعے کی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ جب یہ حادثہ پیش آیا تو میکسیکن بحریہ کی کشتی ’کواہٹیموک‘ کی رسّیوں پر متعدد ملاح موجود تھے۔

نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے بتایا کہ کشتی پر اس وقت 277 افراد سوار تھے اور 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے، انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ افراد جہاز کے کس حصے میں موجود تھے۔

نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے بتایا کہ حادثے میں 19 دیگر افراد زخمی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

سفید جہاز کو اتوار کو مشرقی دریا کے کنارے لنگر انداز دیکھا گیا، اس کے ٹوٹے بادبان امریکا سے روانگی کے وقت کی رنگین سجاوٹ کے پس منظر میں نمایاں نظر آ رہے تھے۔

نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ وہ اس حادثے کی ابتدائی تحقیقات کے لیے ایک ’گو-ٹیم‘ روانہ کر رہا ہے۔

کشتی کے قریب موجود آلڈو اورڈونیز نے بتایا کہ ان کی 24 سالہ بہن کیڈیٹ الیجندرا اورڈونیز، اس وقت جہاز کے بادبانوں کے درمیان کھڑی تھیں جب کشتی بروکلن برج سے ٹکرائی، ان کے مطابق حادثے کے بعد ان کی بہن کچھ دیر کے لیے بادبان سے لٹکی رہ گئی تھیں، لیکن انہیں صرف معمولی چوٹیں آئیں اور وہ باقی عملے کے ساتھ جہاز پر ہی سو گئیں۔

آلڈو نے مزید بتایا کہ کشتی کے عملے کے ارکان کو اتوار کی شام کو ہی میکسیکو واپس روانہ کیے جانے کی توقع تھی۔

میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینباوم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ وہ دو جہاز راں افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ میں ہیں۔

نیویارک پولیس کے چیف آف اسپیشل آپریشنز، ولسن آرمبولس نے میڈیا کو بتایا کہ شام 8 بجکر 20 منٹ کے قریب کشتی کی بجلی چلی گئی، جب کپتان اسے موڑنے کی کوشش کر رہے تھے، اس کے نتیجے میں جہاز بروکلن سائیڈ پر پل کے ستون کی طرف بڑھ گیا۔

جائے وقوع پر موجود بروکلن کے رہائشی 23 سالہ نک کورسو نے بتایا کہ کشتی پر خوف کی کیفیت تھی، بہت چیخ و پکار ہو رہی تھی، کچھ ملاح بادبانوں سے لٹک رہے تھے، ایسا لگ رہا تھا جیسے پورے جہاز پر افراتفری مچ گئی ہو۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025