رجب بٹ نے پہلے شہری پر تشدد کیا، پھر معافی مانگ لی
یوٹیوبر رجب بٹ نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں عام شہری کو سر عام تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد معافی مانگ لی۔
رجب بٹ کی شہری کو سڑک پر تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو دو روز قبل وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں شہری کو کار میں گھس کر مارتے دیکھا گیا۔
وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو لاہور کی تھی، جس میں رجب بٹ کو کار میں سوار شہری کو تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا گیا جب کہ یوٹیوبر کے ساتھی انہیں روکنے کی کوشش کرتے دکھائی دیے۔
یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ویڈیو کتنی پرانی تھی، تاہم ویڈیو وائرل ہونے کے بعد رجب بٹ کی جانب سے شہری سے معافی مانگے جانے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
رجب بٹ کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے گئے مبینہ شہری کے ساتھ معافی کی ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں نوجوان شہری خاموش بیٹھے دکھائی دیے۔
معافی کی ویڈیو میں رجب بٹ نے نوجوان کا نام شایان بتایا اور یہ بھی بتایا کہ ان کے درمیان کچھ غلط فہمی ہوگئی تھی، جس وجہ سے معاملہ خراب ہوا۔
یوٹیوبر نے معافی کی ویڈیو میں بتایا کہ کچھ ان کی غلطی تھی، کچھ شایان کی غلطی تھی لیکن اب دونوں کے درمیان معاملات ٹھیک ہوچکے ہیں اور ان میں صلح ہوچکی ہے۔
ویڈیو میں انہوں نے نوجوان سے معافی بھی مانگی اور کہا کہ وہ شہری کی دل آزاری پر معافی کے طلب گار ہیں۔
مذکورہ ویڈیو سے چند دن قبل بھی رجب بٹ کو اپنے فیملی ولاگ پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں مبینہ طور پر انہوں نے اہلیہ کے مقابلے بہن کو زیادہ اہمیت دی تھی۔
فیملی ولاگ کے ڈنر کے دوران رجب بٹ نے ہوٹل کے کھانوں کا ذائقہ چیک کرنے کے لیے اہلیہ کے بجائے بہن کو دعوت دی تھی، جس پر صارفین نے ان پر اہلیہ کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا تھا۔
اس سے قبل بھی رجب بٹ متعدد تنازعات کا شکار رہ چکے ہیں جب کہ انہیں فیملی ولاگز پر بھی تنقید کا سامنا رہتا ہے۔