مشرقی آسٹریلیا میں 3 دن میں 6 ماہ کے برابر بارش، سیلاب سے تباہی، 4 افراد ہلاک

شائع May 24, 2025
سیلاب سے پریشان لوگ پلوں پر چڑھ گئے تاکہ ہیلی کاپٹرز انہیں وہاں سے نکال سکیں — فوٹو: اے ایف پی
سیلاب سے پریشان لوگ پلوں پر چڑھ گئے تاکہ ہیلی کاپٹرز انہیں وہاں سے نکال سکیں — فوٹو: اے ایف پی

مشرقی آسٹریلیا میں 3 دن میں 6 ماہ کے برابر بارش نے تباہی مچا دی، ریکارڈ توڑ سیلاب سے 4 افراد ہلاک، لوگوں کے گھر کیچڑ سے بھرگئے، متعدد سڑکیں بہہ گئیں، 50 ہزار افراد بے یار و مددگار امداد کے منتظر ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز کے وسیع سیلابی پانی سے 4 لاشیں نکالی گئی ہیں، یہ زرخیز علاقہ دریاؤں اور وادیوں پر مشتمل ہے جو سڈنی سے تقریباً 400 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔

جمعہ کے روز پانی کچھ حد تک کم ہوا تو ریسکیو ٹیموں نے صفائی کے بڑے آپریشن کا آغاز کیا، اور 3 دن میں ہونے والی 6 ماہ کی بارش کے بعد ہونے والے نقصان کا جائزہ لینا شروع کیا۔

فصلوں کے لیے مشہور سیلاب زدہ قصبے کیمپسی کے میئر کِن رِنگ نے کہا کہ درجنوں کاروبار پانی میں ڈوب چکے ہیں۔

ریاستی ایمرجنسی سروس کے سربراہ ڈیلاس برنز نے بتایا کہ 2 ہزار سے زائد کارکنوں کو ریسکیو اور بحالی کے مشن پر تعینات کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ہماری سب سے زیادہ توجہ ان کمیونٹیز کو دوبارہ رسد فراہم کرنے پر ہے جو الگ تھلگ ہو چکی ہیں، 50 ہزار افراد اب بھی پھنسے ہوئے ہیں اور امداد کے منتظر ہیں۔

سیلابی صورتحال کی وجہ سے لوگ کاروں، گھروں اور ہائی وے کے پلوں پر چڑھ گئے تاکہ ہیلی کاپٹرز انہیں وہاں سے نکال سکیں۔

سرکاری محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانوں نے تین دن میں چھ ماہ سے زیادہ کی بارش برسا دی، جس سے بعض علاقوں میں سیلاب کی سطح کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

وزیرِ اعظم انتھونی البانیزے نے جمعہ کے روز آفت زدہ علاقے کے دورے کے دوران کہا کہ ’یہ حالات انتہائی ہولناک ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’بنیادی ڈھانچے کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے اور ہم سب کو مل کر اس سے نمٹنا ہوگا۔‘

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 جون 2025
کارٹون : 23 جون 2025