بحیرہ عرب میں ہوا کا واضح کم دباؤ کا نظام شدت اختیار کرتے ہوئے ڈپریشن میں تبدیل
مشرقی وسطیٰ بحیرہ عرب میں موجود ہوا کے واضح کم دباؤ کا نظام شدت اختیار کرتے ہوئے ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا، یہ سسٹم کراچی سے تقریباً ایک ہزار 58 کلو میٹر جنوب مشرق کی جانب موجود ہے، یہ نظام مشرق کی جانب حرکت کرے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ مشرق کی جانب حرکت کرتے ہوئے بھارتی ساحل کے قریب کنکن کے علاقے سے دوپہر کے وقت گزرنے کا امکان ہے، فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم بھارتی ساحل سے گزرنے کے بعد کمزور ہونا شروع ہوجائے گا، اس سسٹم کے سمندری طوفان بننے کا امکان نہیں۔
اس سسٹم کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ میں ہیٹ ویو آنے کا خدشہ تھا، اب سسٹم کمزور ہونے کے بعد ہیٹ ویو کا امکان بھی ختم ہوجائے گا، سمندری ہوائیں کراچی میں بحال رہیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر ضیغم نے بتایا تھا کہ بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ تشکیل پاگیا ہے، جو آئندہ 24 گھنٹے میں شدت اختیار کرکے ڈیپ ڈپریشن میں بدل جائے گا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ڈیپ ڈپریشن میں بدلنے کے بعد ہی اس کی سمت کا تعین کیا جاسکے گا، تاحال کراچی میں گرمی کی لہر متوقع نہیں ہے، جیسے ہی سسٹم قریب آئے گا تو ساحلی علاقوں سے سمندری ہوائیں معطل ہوجائیں گی۔