ماہرہ خان لندن میں فلم پروموشن کے دوران ہراسانی کا شکار

شائع May 26, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

آنے والے رومانٹک کامیڈی فلم ’لو گُرُو‘ کی پروموشن میں مصروف ماہرہ خان برطانوی دارالحکومت لندن میں پروموشن کے دوران بھیڑ میں ہراسانی کا شکار بن گئیں اور دھکم پیل کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

ماہرہ خان امریکا کے متعدد شہروں میں فلم کی پروموشن مکمل کرنے کے بعد ہمایوں سعید کے ہمراہ لندن پہنچیں، جہاں انہوں نے مختلف مقامات پر فلم کی پروموشن تقریبات میں شرکت کی۔

مشرقی لندن میں ہونے والی ایک پروموشنل تقریب میں ناقص انتظامات اور بھیڑ کی جانب سے دھکم پیل کرنے پر اداکارہ کو نامناسب واقعے کا سامنا کرنا پڑا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھیڑ میں ہمایوں سعید اور سیکیورٹی گارڈز ماہرہ خان کو اپنے حصار میں لے کر انہیں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ویڈیوز میں بھیڑ کو ماہرہ خان کے گرد دیکھا جا سکتا ہے جو کہ اداکارہ کے ساتھ سیلفی اور ویڈیوز بنانے کے بہانے ان کے انتہائی قریب آنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ویڈیوز میں ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کے سیکیورٹی گارڈز کو اداکارہ کی حفاظت کرتے دیکھا جا سکتا ہے، وہ اداکارہ کو بھیڑ سے بچا کر محفوظ مقام کی جانب لے جاتے دکھائی دیتے ہیں۔

ایک ویڈیو میں ہمایوں سعید نامناسب رویہ اپنانے پر لوگوں پر چلاتے دکھائی دیتے ہیں اور انہیں سخت جملے بھی سناتے دکھائی دیتے ہیں۔

ماہرہ خان کے ساتھ دھکم پیل کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ وہ بھی مذکورہ تقریب میں موجود تھے، عوام نے کوئی نامناسب حرکت نہیں کی، میڈیا اور سوشل میڈیا والوں نے دھکم پیل کی، جس وجہ سے معاملہ خراب ہوا۔

فلم پروموشن کی تقریب کے دوران اپنے ساتھ پیش آنے والے نامناسب واقعے اور دھکم پیل پر تاحال ماہرہ خان یا ہمایوں سعید کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا، تاہم ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025