فیروز خان کے مداحوں نے قتل کی دھمکیاں دیں، نادیہ افگن
اداکارہ نادیہ افگن نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں ان کی جانب سے فیروز خان پر کی جانے والی تنقید کے بعد اداکار کے مداحوں نے انہیں قتل کی دھمکیاں دیں۔
اداکارہ نے ’کیا ڈراما ہے‘ نامی شو کی نئی قسط میں بتایا کہ ان کی جانب سے ڈراموں پر تبصرے کرنے کو سراہا جا رہا ہے، بہت سارے اداکاروں نے میسیجز کرکے انہیں کے تبصروں کی تعریفیں کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض اداکاروں نے انہیں مشورہ بھی دیا کہ وہ بھی اسی انڈسٹری کا حصہ ہیں، اس لیے وہ اتنی سخت تنقید نہ کریں۔
اداکارہ کے مطابق ان کے تبصروں اور تنقید کو زیادہ تر نئی نسل کے اداکاروں اور عام صارفین نے سراہا، انہیں ذاتی طور پر بھی تعریفیں پیغامات موصول ہوئے۔
اسی دوران میزبان نے انہیں کہا کہ پھر آپ کو قتل کی دھمکیاں بھی موصول ہوئیں؟ جس پر اداکارہ نے تسلیم کیا کہ انہیں بعض افراد نے سنگین دھمکیاں بھی دیں۔
نادیہ افگن نے پہلے فیروز خان کا نام نہیں لیا، تاہم بعد ازاں انہوں نے اداکار کا نام بھی لیا اور کہا کہ اداکار کے مداحوں نے انہیں دھمکیاں بھیجیں۔
ان کے مطابق فیروز خان کے مداح زیادہ جذباتی ہوگئے، انہیں ان کی تنقید بری لگی، جس پر انہوں نے انہیں پیغامات بھیجے کہ وہ انہیں قتل کردیں گے، وہ انہیں مار دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیروز خان کے مداحوں نے انہیں یہ بھی کہا کہ انہیں اداکاری نہیں آتی اور وہ سب سے بہترین اداکار پر تنقید کر رہی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ عام طور پر وہ میسیجز کے جوابات نہیں دیتیں لیکن انہوں نے فیروز خان کے مداحوں کو جواب دیا کہ وہ مانتی ہیں کہ وہ خوبصورت نہیں ہوں گی لیکن انہیں اداکاری آتی ہے۔
نادیہ افگن نے مزید کہا کہ ان کی جانب سے تبصروں کے بعد ملاجلا رد عمل سامنے آ رہا ہے، جہاں ان پر تنقید کی جا رہی ہے، وہیں انہیں تعریفی پیغامات بھی موصول ہو رہے ہیں۔
خیال رہے کہ چند دن قبل اسی پروگرام میں نادیہ افگن نے فیروز خان کے ڈراما ’ہمراز‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں مشکل اداکار قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ساتھی اداکاروں کو مرعوب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ اگرچہ انہوں نے فیروز خان کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا لیکن انڈسٹری کی کئی اداکاراؤں سے سنا ہے کہ ان کے ساتھ کام کرنا آسان نہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے یہ بھی سنا ہے کہ فیروز خان الگ تھلگ رہتے ہیں اور وہ اپنے ساتھی اداکاروں کو بھی ایسے ہی الگ تھلگ رہنے یا انہیں مرعوب کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن یہ صرف میں نے سنا ہے، میرا ذاتی تجربہ نہیں ہے۔