’ایک دن، ایک سانس‘ انجلین ملک کی 6 کیموتھراپیز مکمل
اداکارہ، ماڈل، پروڈیوسر و ہدایت کارہ انجلین ملک نے کینسر کے علاج کے دوران اپنی 6 کیموتھراپیز مکمل ہونے پر نئی ویڈیو شیئر کردی۔
انجلین ملک گزشتہ چند ماہ سے کینسر کے علاج کے لیے ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کی سرجری کے بعد کیموتھراپی کا سلسلہ جاری ہے۔
اداکارہ نے 28 مئی کو انسٹاگرام پر اپنی مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں ہسپتال کے بستر پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دکھائی گئی تصاویر میں انجلین ملک کو انتہائی کمزوری کی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے، تاہم انہوں نے ویڈیو کو شیئر کردہ ہوئے اپنے مضبوط ارادوں کو ظاہر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی 6 کیموتھراپیز مکمل ہوچکی ہیں اور ان کے حوصلے ابھی بھی بلند ہیں۔
انجلین ملک نے لکھا کہ کیموتھراپی سے گزرنا مذاق نہیں، یہ علاج بہت تکلیف دہ ہے لیکن وہ بیماری کو شکست دینے کے لیے پرعزم اور زندگی کی طرف واپس لوٹنے کے لیے پر اُمید ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’ایک دن، ایک سانس اور ایک دل کی دھڑکن‘ وہ بہت مضبوط ہیں اور بیماری کو شکست دینے کے لیے جنگ لڑ رہی ہیں۔
ان کی جانب سے ویڈیو کو شیئر کیے جانے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
سابق اداکارہ نور بخاری نے انہیں بیماری کے علاج کے دوران یومیہ تین مرتبہ سورہ رحمٰن کو سات دن تک سنتے رہنے کا مشورہ بھی دیا اور لکھا کہ سورہ رحمٰن کی تھراپی معجزہ ہے، کینسر کے آخری اسٹیج کے مریض بھی اس سے صحت یاب ہوگئے۔
مداحوں اور صارفین نے بھی انجلین ملک کی مکمل صحت یابی کے لیے دعائیں کرتے ہوئے انہیں قرآن پاک سنتے رہنے اور خصوصی طور پر سورہ رحمٰن سنتے رہنے کا مشورہ دیا۔
انجلین ملک نے فروری میں اپنی جیولری کلیکشن متعارف کراتے ہوئے سر کے بالوں کے بغیر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
بعد ازاں اداکارہ کو سر کے بالوں کے بغیر ہی فیشن شو میں کیٹ واک کرتے بھی دیکھا گیا۔
انہوں نے مارچ کے اختتام پر بتایا تھا کہ علاج کے سلسلے میں ہی ان کی سرجری کردی گئی۔
مارچ میں انجلین ملک نے بتایا تھا کہ ان کی کیموتھراپی شروع ہوچکی ہے اور 28 مئی کو انہوں نے بتایا کہ ان کی کیموتھراپی کے 6 سیشن مکمل ہوچکے۔