قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب، وزیر خزانہ آج بجٹ 26-2025 پیش کریں گے

شائع June 10, 2025
گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقتصادی سروے 25-2024 پیش کیا تھا
— فائل فوٹو: ڈان
گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقتصادی سروے 25-2024 پیش کیا تھا — فائل فوٹو: ڈان

قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج طلب کرلیے گئے ہیں، حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بجٹ پیش کیا جائے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج شام 5 بجے ہوگا، قومی اسمبلی کے اجلاس کا 4 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفاقی بجٹ 26-2025 پیش کریں گے۔

وزیر خزانہ محاصل سمیت دیگر دستاویزات قومی اسمبلی میں پیش کریں گے، محمد اورنگزیب مالیاتی بل 2025 بھی قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔

سینیٹ اجلاس شام 6 بجے ہوگا، 8 نکاتی ایجنڈا جاری

سینیٹ کا اجلاس آج شام 6 بجے ہوگا، اجلاس کا 8 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ایوان میں بجٹ پیش کریں گے، مختلف بلز پر قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اقتصادی سروے 25-2024 پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم درست سمت میں اور استحکام کی طرف گامزن ہیں، اور مہنگائی پر کامیابی سے قابو پایا ہے۔

اسلام آباد میں قومی اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ عالمی مجموعی پیداوار کی شرح میں کمی آئی ہے، اور گلوبل جی ڈی پی نمو 2.8 فیصد ہے، تاہم ملکی مجموعی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور جی ڈی پی میں اضافہ معاشی ترقی کی علامت ہے۔

اقتصادی سروے رپورٹ کے دیگر اہم نکات

سرکاری دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال معاشی شرح نمو کا ہدف 3.6 فیصد تھا، تاہم یہ 2.7 فیصد رہی، زرعی شعبے کی ترقی 2 فیصد ہدف کے مقابلے میں 0.6 فیصد اور خدمات کے شعبے کی ترقی 4.1 فیصد ہدف کے مقابلے میں 2.9 فیصد ہے۔

رواں مالی سال بڑی فصلوں کی پیداوار میں 13.5 فیصد کی کمی ہوئی، کپاس کی پیداوار میں 30.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ دیگر فصلوں کی پیداوار میں 4.8 فیصد کا اضافہ ہوا، سبزیوں کی پیداوار میں 7.8 اور پھلوں کی پیداوارمیں 4.1 فیصدکا اضافہ ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 19 جون 2025
کارٹون : 18 جون 2025