57 مینوفیکچررز کو 2 اور 3 پہیوں والی الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کے لائسنس جاری
پاکستان کا الیکٹرک وہیکل (ای وی) کا ماحولیاتی نظام آہستہ آہستہ ترقی کر رہا ہے، جو آٹوموٹو انڈسٹری ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی 26-2021 کے تحت ہے، اور اب تک 57 مینوفیکچررز کو 2 اور 3 پہیوں والی الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کے لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام حکومت کے ’کلین گرین پاکستان‘ اور ’میک ان پاکستان‘ منصوبوں کے تحت دی جانے والی مالی مراعات، ٹیکس میں چھوٹ، اور چارجنگ ٹیرف میں کمی سے معاونت پا رہا ہے۔
اقتصادی سروے برائے مالی سال 25-2024 کے مطابق 13 نئے مینوفیکچرنگ سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، 2 اور 3 پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کی پیداوار 32 ہزار 923 یونٹس تک پہنچ گئی، جس سے مالی سال 2022 سے اب تک کی کل پیداوار 76 ہزار 979 یونٹس ہوگئی۔
سروے کے مطابق اگرچہ ٹریکٹرز کی پیداوار میں 35 فیصد کمی واقع ہوئی اور وہ 36 ہزار 425 یونٹس سے کم ہو کر 23 ہزار 581 یونٹس پر آگئی، لیکن مجموعی طور پر آٹو انڈسٹری کی ترقی صحت مند رہی، جو 29 فیصد سے 88 فیصد کے درمیان رہی۔
ترقی کے باوجود، ریگولیٹری چیلنجز کے باعث آٹو سیکٹر کی مکمل سپلائی اور ڈیمانڈ کی صلاحیت کو حاصل نہیں کیا جا سکا۔