اسرائیل نے امدادی کشتی کے ساتھ غزہ کیلئے عازم سفر گریٹا تھنبرگ کو سویڈن روانہ کردیا

شائع June 10, 2025
گریٹا تھنبرگ فرانس جانے والی پرواز میں ہیں— فوٹو: ایکس، اسرائیلی وزات خارجہ، فریڈم فلوٹیلا کولیشن
گریٹا تھنبرگ فرانس جانے والی پرواز میں ہیں— فوٹو: ایکس، اسرائیلی وزات خارجہ، فریڈم فلوٹیلا کولیشن

سویڈش کارکن گریٹا تھنبرگ منگل کے روز اسرائیل سے روانہ ہو گئیں، جب انہیں اسرائیلی بحریہ کی جانب سے بین الاقوامی پانیوں میں روک لی گئی غزہ جانے والی امدادی کشتی ”میڈلین“ پر حراست میں لیا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ گریٹا تھنبرگ فرانس جانے والی پرواز میں ہیں، جہاں سے وہ اپنے وطن سویڈن کے سفر کو جاری رکھیں گی۔

امدادی کشتی میں سوار افراد کو قانونی معاونت فراہم کرنے والی انسانی حقوق کی اسرائیلی تنظیم عدالہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امدادی کشتی پر سوار 3 دیگر افراد نے بھی فوری طور پر وطن واپسی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

جبکہ عملے کے 8 دیگر ارکان ملک بدری کے حکم کو چیلنج کر رہے ہیں، انہیں عدالت میں پیشی سے قبل ایک حراستی مرکز میں رکھا جائے گا۔

قبل ازیں، خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ امدادی کشتی پر سوار گریٹا تھنبرگ سمیت دیگر کارکنان کو تل ابیب کے ایک ہوائی اڈے منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ انہیں ملک بدر کیا جا سکے۔

اسرائیلی بحری افواج نے اس کشتی کو گزشتہ روز بین الاقوامی پانیوں میں روکا اور اسے اشدود کی بندرگاہ کی طرف لے گئے۔

اسرائیلی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا تھا کہ ’سیلفی یاٹ‘ کے مسافر بین گوریون ایئرپورٹ پہنچ گئے ہیں تاکہ اسرائیل سے روانہ ہو کر اپنے اپنے ممالک واپس جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ’جو افراد ملک بدری کی دستاویزات پر دستخط کرنے اور اسرائیل چھوڑنے سے انکار کریں گے، انہیں عدالتی حکام کے سامنے پیش کیا جائے گا‘۔

اس کشتی کے منتظم ادارے ’فریڈم فلوٹیلا کولیشن‘ نے کہا تھا کہ کشتی پر تمام 12 کارکنان کو اسرائیلی حکام کی تحویل میں دیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ انہیں ممکنہ طور پر آج رات تل ابیب سے پرواز کی اجازت مل سکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 جون 2025
کارٹون : 19 جون 2025