بجٹ 26-2025: ملٹری پنشن کی مد میں 66 ارب، سویلین پنشن کے بجٹ میں 9 ارب روپے کا اضافہ

شائع June 11, 2025
— فائل فوٹو: اے آئی
— فائل فوٹو: اے آئی

آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں ملٹری پنشن کی مد میں تقریبا 66 ارب روپے اور سویلین پنشن کے بجٹ میں 9 ارب روپےکا اضافہ کر دیا گیا، جس کے بعد مالی سال 26-2025 کے مجموعی ایک ہزار 55 ارب روپے کے پنشن بجٹ میں سے 742 ارب روپے ملٹری اور 243 ارب روپے سویلین پنشن کی مد میں مختص کیے گئے۔

بجٹ دستاویزکے مطابق رواں مالی سال 25-2024 کے ملٹری اورسویلین پنشن کےبجٹ میں 14 ،14 ارب روپےاضافےکا بھی تخمینہ لگایا گیا۔

دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے ملٹری پنشن کی مد میں 742 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور رواں مالی سال ملٹری پنشن کی مد میں 662 ارب روپے رکھے گئے تھے تاہم رواں مالی سال نظرثانی ملٹری پنشن کے اخراجات کا تخمینہ 676 ارب روپے ہوگیا۔

آئندہ مالی سال سویلین پنشن کےبجٹ کی مد میں 243 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور رواں مالی سال سویلین پنشن کےبجٹ کی مد میں 220 ارب روپے مختص تھے، تاہم رواں مالی سال سویلین پنشن بجٹ کے اخراجات کا تخمینہ 234 ارب روپے ہے۔

دستاویز کے مطابق مالی سال 26-2025 کے مجموعی ایک ہزار 55 ارب روپے کے پنشن بجٹ میں سے 742 ارب روپے ملٹری اور 243 ارب روپے سویلین پنشن کی مد میں مختص کیے گئے ہیں جبکہ ملٹری اور سویلین پنشن کے بجٹ میں 65 ارب 70 کروڑ روپے اضافہ کیا گیا ہے، اسی طرح نئے مالی سال فیڈرل پنشن فنڈکی مد میں کمی کرکے 4 ارب 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں اور رواں مالی سال فیڈرل پنشن فنڈ کی مد میں 10 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔

آئندہ مالی سال مجموعی طور پر پنشن کے لیے ایک ہزار 55 ارب روپے رکھے گئے ہیں اورآئندہ مالی سال کے لیے مجموعی پنشن کے اخراجات میں 41 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے کیونکہ رواں مالی سال پنشن کی مد میں ایک ہزار 14 ارب روپے کا بجٹ مختص تھا۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025