راولپنڈی : اڈیالہ جیل میں ساتھی قیدی کو بدفعلی کے بعد قتل کرنے والے 4 ملزمان کو دو ، دو بار سزائے موت
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قیدی کو بدفعلی کے بعد قتل کرنے کے مقدمے میں عدالت نے 4 مجرمان کو دو ، دو بار سزائے موت کی سزا کا حکم سنادیا۔
ایڈیشنل سیشن جج افشاں اعجاز صوفی نے جرم ثابت ہونے پر مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرمان کو پانچ لاکھ روپے فی کس ہرجانہ اور مجموعی طور پر 8 لاکھ روپے جرمانہ کی بھی سزا کا حکم دیا۔
مجرمان محمد وقاص، آصف خان، نقاش رضا اور بلال حسین نے جیل میں مقتول سبیل کو بدفعلی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا تھا۔
مجرمان محمد وقاص، آصف خان، نقاش رضا اور بلال حسین کو قتل کے جرم میں سزائے موت کی سزا سنائی گئی، مجرمان کو بدفعلی کی دفعہ بھی ثابت ہونے پر سزائے موت کی سزا کا حکم سنایا گیا۔
واقعے کا مقدمہ جنوری 2024 میں سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں درج کیا گیا تھا۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ مجرمان کو اس وقت تک پھانسی پر لٹکایا جائے گا جب تک کہ ان کی موت واقع نہیں ہو جاتی۔