عالمی برادری جنگ کے اثرات کو عالمی معیشت تک پھیلنے سے روکے، چین
چین نے عالمی برادری سے موجودہ جنگ کے اثرات کو عالمی معیشت تک پھیلنے سے روکنے کے لیے مزید اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکُن نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ جنگ کے اثرات کو عالمی معیشت تک پہنچنے سے روکنے کے لیے مزید اقدامات کرے۔
انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ خلیجی خطہ اور اس سے ملحقہ پانیوں کا شمار دنیا کے اہم تجارتی راستوں میں ہوتا ہے۔
گو جیاکُن نے کہا کہ چین فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ صورتِ حال کو بار بار بگڑنے سے روکیں، جنگ کے پھیلاؤ سے سختی سے اجتناب کریں، اور سیاسی حل کے راستے پر واپس آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے، تنازع کے خاتمے، اور علاقائی عدم استحکام کو عالمی اقتصادی ترقی پر مزید اثرانداز ہونے سے روکنے کے لیے زیادہ سنجیدہ کوششیں کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کی 3 مرکزی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، اسرائیل نے امریکی حملے کے بعد آج دوسرے روز بھی فردو جوہری مرکز پر حملہ کیا ہے جبکہ وسطی تہران پر متعدد تنصیبات کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے، ایران نے بھی آج اسرائیل پر بڑے بیمارے پر میزائل حملے کیے ہیں۔
یاد رہے کہ روس کے صدر پیوٹن نے تہران پر جارحیت کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس ایرانی عوام کی مدد کے لیے تیار ہے۔